کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ قوم اورمذہب کے نام پر سیاست کرنے والی جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں ، عوام کے مسائل کے حل کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قبائلی نظام کے تلے متحد ہونا ہوگا ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو خیزی چوک پر عبدالصمد خلجی کی رہائش گاہ پر قبائلی معتبرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تقریب سے درانی قومی اتحاد کے عنایت درانی ، حاجی عبدالقادر اور اورنگ شاہ خلجی نے بھی خطاب کیا ۔یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان اس وقت مسائلستان بن چکا ۔عوام صحت ، تعلیم ، پینے کے پانی ، سڑکوں سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ،صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز عوام کی ترقی پر خرچ ہونے کی بجائے خورد برد ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سبز باغ دکھاکر ووٹ حاصل کرنے والی جماعتیں اقتدار اور ایوانوں میں پہنچنے کے بعد عوام کو بھول جاتے ہیں ۔ ان جماعتوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ۔عوام کے مسائل قبائلی نظام میں رہتے ہوئے حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ نے صوبے میں آباد قوموں میں نفرتوں کے خاتمے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رکھا ہے جلد کوئٹہ میں تمام اقوام کا مشترکہ جلسہ منعقد کریں گے۔