راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)راولپنڈی میں انسداد تجاوزات کیلئے ایک مرتبہ پھر کمیٹی تشکیل دے کر بازاروں کو کلیئر کرنے کا ٹاسک دیدیاگیا ۔سابق کمشنر کے دور میں بھی انسداد تجاوزات کے نام پر مری روڈ اور دیگر بڑے بازاروں میں مہم چلائی جاتی رہی لیکن تجاوزات پہلے سے بھی بڑھ چکی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈنیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی بطور کنوینر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس آفیسر راولپنڈی بطور ممبر جبکہ آر ڈی اے، پولیس اور ٹریفک پولیس کے نمائندے شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر مری روڈ کی دونوں اطراف، فوارہ چوک تا راجہ بازار، اقبال روڈ تا فوارہ چوک، کمرشل مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن اور ٹرانسفارمر چوک صادق آباد کے علاقوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا۔ آپریشن کے دوران امن و امان کی صورتحال کیلئے انسداد تجاوزات ٹیم کی معاونت کی خاطرآر پی او راولپنڈی سے پولیس کی نفری بھی مانگ لی گئی۔کمشنر آفس میں انسداد تجاوزات اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ تجاوزات مافیا کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا ۔ادھر سی او میونسپل کارپوریشن عمران علی کی جانب سے آپریشن کا آغاز مری روڈ اور کمرشل مارکیٹ سے کیا گیا۔اس دوران پانچ ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔