مکہ مکرمہ: معلق مسجد کی تعمیر

October 21, 2019

مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ سے کچھ فاصلے پر ایک بلند وبالا عمارت پر معلق مسجد تعمیر کی جا رہی ہےجو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کی منفرد مسجد ہوگی۔ یہ مسجد ،مسجد الحرام سے 161 میٹر بلند اور 400 مربع میٹر پرمحیط ہوگی ،جس میں 200 افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ معلق مسجد کو براہ راست حرم مکی کے آڈیو اور ویڈیو سسٹم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔ عرب میڈیا کی تفصیلات کے مطابق شاہ عبدالعزیز ہائی وے پر مسجد الحرام سے کچھ فاصلے پردو جڑواں ٹاور بنائے گئے ہیں۔

ان دونوں کی چارمنزلہ عمارتوں کو باہم مربوط کرنے کے لیے ایک مسجد نما پل بنایا گیا ہے۔ اس کا ڈیزائن اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ اس پل کا 50 فی صد نماز اور باقی پچاس فی صد دیگر سروسز کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ مکہ میں منفرد معلق مسجد کے ذمے دار تعمیراتی فرم کے ڈیزائن ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ اور مکہ چیمبر میں رئیل اسٹیٹ کمیٹی کے چیئرمین انجینیرانس صیرفی نے بتایا کہ یہ منصوبہ فی الحال زیرتکمیل ہے جو چھ ماہ کے اندر مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اس پل پر آب و ہوا اور قدرتی مناظر، خانہ کعبہ ، حرم مکی اور مکہ مکرمہ کے ایک وسیع علاقے کو دیکھنے اور مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ صیرفی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے پرکام شروع کرنے سے قبل اس کے بہت سے پہلوئوں پر باریک بینی سے غور کیا گیا۔ معلق مسجد کی آب وہوا، زلزلہ پروف بنانے، درجہ حرارت اور مسجد تک پہنچنے کے لیے لفٹوں سمیت دیگر تمام امور پرباریکی کے ساتھ غور کیا گیا۔