اوورسیز پاکستانیوں کی عمران خان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں، زلفی بخاری

February 17, 2020

عبدالکریم کھوسہ، زلفی بخاری سے ملاقات کے بعد

وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اوورسیزپاکستانیوں کی عمران خان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں،دیار غیر میں محنت مشقت کے ساتھ پیسہ کمانے والے محب وطن پاکستانی حکومت کے نزدیک وی آئی پی کا درجہ رکھتے ہیں،سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی پروٹوکول دیا جائے گا ،ایف بی آر اور نیب کے وہ افسران جو اورسیز پاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے میں ملوث پائے گئے ،حکومت ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹے گی۔یہ بات عبدالکریم کھوسہ نے ’’جنگ،بلادی‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتائی۔

گذشتہ تین دہائیوں سے سعودی عرب میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ پاکستانی سرمایہ کار سردار عبد الکریم کھوسہ سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو اقتصادی قوت بنانے کے لیے پرعزم ہیں،اوورسیز پاکستانی پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،انہیں حکومت کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی، نہ کہ اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو ماضی کی طرح کسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

سید ذلفی بخاری نے کہا کہ سردار عبد الکریم کھوسہ جیسے محب وطن پاکستانی اس ملک کا اثاثہ ہیں،اِنہوں نے سعودی عرب میں پاکستان کا امیج بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں ،دیار غیر میں بسنے والے ایسے لاکھوں پاکستانیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنانے کی امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں،وزیر اعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کی امیدیں ٹوٹنے نہیں دیں گے۔

اس موقع پرسردار عبد الکریم کھوسہ نے زلفی بخاری کا شکریہ ادا کرتےہوئےکہاکہ ماضی کی حکومتوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ نامناسب سلوک روا رکھا، جس کی وجہ سے سمندرپار بسنے والے پاکستانی دلبرداشتہ تھے،ہم باہر سے پیسہ کما کر اپنے دیس میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں تو اداروں کی جانب سے بلاجواز انکوائریوں اور ڈرانے دھمکانے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سرمایہ کار ہیں جو اپنے وطن میں سرمایہ کاری کرنے سے خوفزدہ ہیں ،تاہم ذلفی بخاری نے ہمارے تمام تحفظات کو انتہائی تحمل سے سنا اور یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر ایسی حکمت عملی تیار کررہے ہیں کہ ایف بی آر سمیت کوئی بھی ادارہ سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے کسی کو بلیک میل نہیں کر سکے گا ۔

سردار عبد الکریم کھوسہ نے اسے انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو حکومت اپنے منشور کے مطابق سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہو گی تو پھر ہمیں آئی ایم ایف سمیت کسی دوسرے ملک کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانے پڑیں گے،ہماری دعاہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار آئیں اور ملک کی تعمیروترقی میں اپنا کردارادا کریں، اس وقت تعلیم کے شعبےکے علاوہ سی پیک اور کئی اہم شعبے ایسےہیں جن میں مناسب اور منافع بخش سرمایہ کار ی کی جاسکتی ہے ،جس سے ملک کی معیشت کو استحکام اور بیرون قرضوں سے چھٹکارا مل سکتا ہے، حکومت نے ہرطرح کی سیکورٹی دینے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔