نوجوان نسل کو اپنی تہذیب و تمدن اور امن پسندی سے روشناس کرانا ہوگا، مختلف رہنما

February 20, 2020

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) دین اسلام امن، برداشت اور رواداری کا درس دیتا ہے، اسلامو فوبیا کے نتائج انتہاء پسندی اور نفرت انگیزی کو فروغ دیتے ہیں برطانیہ میں ارباب اختیار کو اسلامو فوبیا کے مضمرات پرفوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ امن کے پرچار سے ہی امن کی خواہش پوری ہوگی۔ برطانیہ ہمارا اپنا ملک ہے جہاں ہمیں ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے ہمیں اپنی نسلوں کو برطانیہ میں امن پسندی اور اپنی تہذیب و تمدن سے روشناس رکھنا ہوگا ان خیالات کا اظہار مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں اور اکابرین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا گیٹ ٹو گیدر کی اس تقریب کے موقع پر علامہ قاری ظہیر اقبال قادری، علامہ سید غلام دستگیر شاہ، سید عبدالقادر شاہ گیلانی، حاجی چوہدری عمر، حاجی چوہدری شفیق احمد، حاجی ضمیر، محمد افضل، ساجد محمود، حاجی سرور اور دیگر نے خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کو طاقت سے طاقتور بنانے میں برٹش ایشین مسلم سوسائٹی کا مرکزی کردار ہے،مسلمان کمیونٹی برطانوی سوسائٹی کا اہم حصہ ہیں جس نے ایشین اور برٹش سوسائٹی میں ہم آہنگی کو پروان چڑھانے کیلئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیابرطانیہ کو ترقی کی منازل طے کرنے میں مسلم کمیونٹی کا کردار نا قابل فراموش ہے اور وہ اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوانے میں کسی کے محتاج یا مرہون منت نہیں ہیں۔ برطانوی سیاست میں اورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کی شاندار کامیابیوں سے ہمارے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں برطانوی سیاست میں کمیونٹی کے متحرک کردار کی وجہ سے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ کمیونٹی اپنے ذاتی نوعیت کے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بڑے مقاصد کے حصول کے لئے مل کر کام کرے تا کہ ہمارے پڑھے لکھے نوجوان مزید ترقی کی منازل طے کر سکیں۔ برادری ازم ذاتی پسند و ناپسند نفرتوں تلخیوں نے ہمارے معاشرے کو اجتماعی طور پر بہت نقصان پہنچایا ہے ہمیں اس سے بالاتر ہو کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کی وجوہات بننے والے محرکات کا نوٹس لے آج مقبوضہ کشمیر کے کشمیری چھ ماہ سے بھارتی افواج کے زیر اعتاب ہیں نوجوانوں بچوں کو شہید اور خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک ہے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر طرح کا مواصلاتی نظام منقطع ہے عالمی مبصرین کو بھی بھارت رسائی نہیں دے رہا اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق دیا جائے تقریب کے آخر میں قاری ظہیر اقبال قادری اور سید غلام دستگیر شاہ نے امت مسلمہ بالخصوص کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی۔