اولمپکس گیمز آئندہ برس 23 جولائی سے کرانے کی تجویز

March 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتوی شدہ ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اولمپکس 2020اگلے سال 23جولائی سے کرانے کی تجویز انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی کے حوالے کردی ہے۔ جاپانی میڈیا کے مطابق منتظمین نے کہا ہے کہ ملتوی گیمز اولمپکس روایات کے مطابق اسی ماہ میں کرائے جائیں، یوشیرو موری کی سربراہی میں ٹوکیو 2020کی ٹیم اس وقت آئی او سی کے ساتھ ممکنہ تاریخوں پر تبادلہ خیال کر رہی ہے، کمیٹی کے سر براہ موری نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر کسی نہ کسی قسم کے نتیجہ پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان تاریخوں میں میراتھن اور دیگر ریسوں کو برداشت کرنا آسان ہوجائے گا ، انہیں ساپورو شہر کی بجائے دارالحکومت میں منعقد کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی او سی نے ہمیں ایک ماہ کے عرصے میں اگلے گیمز کے تمام منصوبوں کے بارے میں آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ ہمارے ساتھ کچھ مالی معاملات پر بھی بات چیت جاری ہے جس میں ان کھیلوں کے لئے تیار شدہ مقامات کی دیکھ بحال کے اخراجات اور دیگر ایشوز شامل ہیں۔ دریں اثنا جاپانی اولمپکس کمیٹی کے حکام نے کورونا وائرس کے مریضوں اور اسے متاثرہ خاندانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ٹوکیو اولمپکس مشعل کو جاپان کے مختلف اسپتالوں کے باہر بھی گھمانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس مشعل کو اگلے ماہ فوکوشیما کے جے ویلج اسپورٹس کمپلیکس میں ایک ماہ کے لئےرکھا جائے گا ، جو 2011کے جوہری تباہی کے دوران تابکاری سے بچنے والے ہزاروں امدادی کارکنوں کے بیس کیمپ کے طور پر استعمال ہوا تھا۔ ادھر ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر سباستین کو نے اولمپکس کے التوا کا فیصلہ درست قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام نے دنیا بھر میں ایتھلیٹس کو ذہنی پریشانی سے بچالیا۔ اتوار کو اپنے بیان میں اگر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی اس متعلق فیصلہ نہ کرتی تو دنیا بھر کے کھلاڑی انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہوجاتے۔ ہم ہرگز نہیں چاہتے تھے کہ کھلاڑی اولمپکس سے متعلق اپنی حکومتوں کے فیصلے کے خلاف جاتے یا نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی صحت کے پیش نظر قانون کی خلاف وزری کے مرتکب ہوجاتے۔ ایتھلیٹس دیگر انسانوں سے الگ کا مختلف نہیں ہوتے۔ اس صورتحال میں کھیلوں کو بیک فٹ پر جانا ہی بہتر تھا۔