سندھ نے پاکستانی فٹبال ٹیم کو سب سے زیادہ کھلاڑی فراہم کئے، اعظم خان

May 19, 2020

پاکستان کے سابق قومی کھلاڑی اور حیدرآباد فٹ بال کے چیئرمین محمد اعظم خان کو حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کا اسپورٹس آفیسر مقرر کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسو سی ایشن حیدرآباد کے صدر اعظم خان نے حیسکو کی جانب سے اسپورٹس آفیسر مقرر کئے جائے پر ادارے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس عہدے سے انصاف کرتے ہوئے حقیقی کھلاڑیوں کو میرٹ پر ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا اور کھیلوں کیلئے اپنی بہتر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

انٹرنیشنل فٹ بالر سلیم پٹنی، پاکستان ٹیم کے سابق کوچ ناصر اسماعیل، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کانگریس کے سابق رکنی علی بہار بروہی، عاکف خان، بابو کھتری، صدیق انصاری، راشد صدیقی، انیس بھیا، محسن شیرازی، محمد دانش، کرکٹ کوچ اقبال شیخ، ڈسٹرکٹ سیکرٹری عبدالوحید شیخ، امداد شاہ، نظام گاد، اصف عرف اچھے، شہباز خان نے اعظم خان کو اسپورٹس آفیسر مقررہونے پر مبارک باددیتےہوئے توقع کا اظہار کیا ہےکہ ان کی سربراہی میں حیسکو اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔جنگ سے باتیں کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا کہ فٹ بال ہی اوڑھنا بچھونا ہے، فٹ بال خون میں شامل ہے اس کھیل کی ترقی کیلئے اپنا جو بھی کردار ادا کرسکتا ہوںکروں گا۔

فٹ بال پوری دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں فٹ بال کھلاڑیوں کابے تحاشہ ٹیلنٹ ہونے کے باوجودکھیل زوال پذیری کا شکار ہے۔پاکستان میں سب سے بڑے اور زیادہ کھیلے جانے والا کھیل بعض نا گزیر وجوہات کی بناء پر ترقی کی وہ منازل طے نہیں کر پارہا ہےجو اس کا خاصہ ہے۔وزیراعظم عمران خان جو خود ایک بڑے اسپورٹس مین رہ چکے ہیں اور جانتے ہیںکہ دنیا بھر کے بڑے ممالک کی ترقی میں کھیلوں کا کتنا کردار ہے ان کو پاکستانی کھیلوں کی زبوں حالی اور اس کی تنزلی کا نوٹس لینا چاہئے اورملک کے نوجوانوں کو صحت مند رکھنے کیلئے کھیلوں سے تعلق رکھنے اور سمجھ بوجھ رکھنے والے لوگوں کو ہی اسپورٹس فیڈریشنوں اور ایسو سی ایشنوں کا حصہ بنانے کاحکم نامہ جاری کرنا چاہئے۔

پاکستان بھر میں فٹ بال چلانے والے منتظمین پرامید ہیں کہ حکومتی دلچسپی کے بعد پاکستان فٹ بال ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ پاکستانی فٹ بال کو سب سے زیادہ کھلاڑی فراہم کرنے والے صوبہ سندھ میں ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے ہماری کوششیں جاری ہیں چونکہ میں ایک فٹ بالر رہ چکا ہوں اور واپڈا کی بھی نمائندگی کرتارہا ہوں اس لئے اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ اگرآپ سچائی کے ساتھ کام کریں گے اور اچھے کھلاڑیوں کو تلاش کریں گے تو آپ کو کسی قسم کی دقت یا پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا ۔

ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسو سی ایشن حیدرآباد کے صدر محمد اعظم خان کا کہنا تھا کہ گروہی سیاست سے فٹبال کھیل روبہ زوال ہے جس کی تلافی کیلئے کسی نے پیشرفت نہیں کی اور صرف اس کھیل کو اپنے ذاتی مقاصد اور مفاد کیلئے استعمال کیا لیکن اب ان چہروں کو فٹبال دوست اچھی طرح پہچان گئے ہیں۔سندھ فٹ بال کی ترقی کیلئے کردار مثبت طریقے سے ادا کرنا ہوگا اور اس کیلئے تمام اسٹیک ہولڈزکوایک پلیٹ فارم پر لاکر ان کی شکایتوں کا ازالہ کرکے باہمی طور پر ملا کر چلنا ہوگا اس سلسلےمیں علی بہار بروہی اور ناصرکریم بلوچ کے ساتھ مل کر نہ صرف فٹبال کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کریں گے بلکہ سندھ میں نارملائزیشن کمیٹی کے تحت ہونے والے آئندہ الیکشن میں ہر طرح کی معاونت بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں فٹ بال کی حالت اچھی نہیں ہے۔

گزشتہ کئی سالوں سے سندھ فٹ بال کا کوئی باضابطہ اجلاس نہیں بلایا گیاسابق صدر نے اجلاس بلانا بھی گوارا نہ کیا ہے اور ایک وڈیرے کی طرح فٹبال کے عہدیداران کے ساتھ ہاریوں جیساسلوک کیا ہے ۔ سندھ کےسابق اور موجودہ عہدیدران و کلبس کو ماضی کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کرنا ہوگا اگر فٹ بال کی ترقی چاہتے ہیں تو اپنی غلطیوں کا احساس کرتے ہوئے اچھے اور باکردار عہدیداروں کو منتخب کرنا ہوگا۔ سندھ فٹبال سے تعلق رکھنےوالے تین بڑوں نے اتفاق کیا کہ سابق صدر اور سیکرٹری کی کرپشن کو بے نقاب کیاجائے گا۔ گول پروجیکٹ میں لاکھوں روپے کی خوردبرد اور فٹبال کلبوں سے ٹرانسفر اورفیڈریشن کو ملنے والی رقوم کو ڈکارنے کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے سندھ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین خواجہ عبید الیاس کو جلد ایک لیٹر ارسال کیا جائے گا جس میں تمام دستاویزی ثبوت اور فٹبال کلبوں کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں اعظم خان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق نائب صدر ظاہر شاہ کی حمایت کریں گےاور ان کے ساتھ مل کر فٹ بال کی ترقی کیلئے کام کرنے کوترجیح دیں گے۔ اس سے پہلے بھی ہم نے کئی لوگوں کو آزمایا اور موقع دیا۔ اس بار سندھ کے ساتھیوں علی بہار بروہی ، ناصرکریم اور دیگر کے مشوروں اور مفاہمت سے ایک گروپ بنائیں گے۔ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے نامز کردہ کردہ حمز ہ خان جو چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہیں ۔ ان پر مکمل اعتماد ہےلیکن اس کے ساتھ سندھ میں بنائی جانے والی نارملائزیشن کمیٹی پر ہمیں تحفظات ہیںجس کیلئے نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین سے بات کی جائے گی اور ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ ذاتی دلچپی لیکر معاملات بہتربنائے تاکہ سندھ کے سب ساتھیوں کو ایک جگہ اکٹھا کیا جائے۔