اپنا کھانا خود گرم کرنے والا لنچ باکس

January 11, 2021

اس ترقی یا فتہ دور میں ماہرین حیرت میں مبتلا کرنے والی چیزیں ایجاد کرنے میں سر گرداں ہیں ۔اس ضمن میں ہالینڈ کے ایک انجینئر نے ایک ایسا لنچ باکس تیار کیا ہے ،جس میں چولہا اور مائیکروویو نصب کیا گیاہے ۔اس کو ’’ہیٹ باکس ‘‘ کانام دیا ہے ۔یہ یو ایس بی سے چارج ہوتا ہے ۔اسے چارج کرنے کے بعد آپ کہیں بھی لے جاسکتے ہیں ۔ کھانا کھانے سے قبل بس سوئچ آن کرنا ہوگا،جس کے بعد اندر موجود اسٹیم غذا کو اچھی طرح گرم کردیتی ہے۔

اس کے لیے صرف 20 ملی لیٹر پانی اندر ڈالناہوتا ہے جو اندر موجود اسٹیل کے برتن میں چلا جاتا ہے۔ اس کے اوپر ایک ڈھکنا رکھ کر کھانے کو بند کیا جاسکتا ہے اور یوں گرم بھاپ کھانے کے ہر حصے سے ہوتی ہوئی اسے فوری طور پر گرم کردیتی ہے۔آپ کا جب گرما گرم کھانے کا دل چاہے تو اوپر کا ڈھکنا کھولیں اور اندرکی پرت کو اتاریں اور باہر کا بٹن دبادیں ،جس سے اسٹیل کے اندر دھاتی مٹیریئل گرم ہوگا اور اس کے ساتھ پانی کھول کر اندر گھومنے لگے گا۔

لنچ باکس میں موجود اندرونی والو بھاپ کا دباؤ برقرار رکھتے ہیں اور یوں برتن کے اندر کا دباؤ خوف ناک حد تک بلند نہیں ہوتا۔اس طرح آپ ایپ کے ذریعے بھی لنچ پاکس کی حرارت کو کم، درمیانہ اور بلند کرسکتے ہیں۔ اس لنچ باکس کی قیمت 150 ڈالر رکھی گئی ہے۔