ایک ہی روز ہ اور عید سے ملک میں تفرقہ کا خاتمہ ہوگا ، ملک طارق اعوان

February 27, 2021

پشاور( جنگ نیوز ) تنظیم الاعوان خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور صدارتی ایوارڈ یافتہ الحاج ملک طارق اعوان نے کہا ہے کہ آئندہ خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ اور عید منائی جائے گی مرکزی حکومت کی طرف سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے لئے مولانا عبدالخبیر آزاد کی تقرری خوش آئند ہے اس سلسلے میں خیبر پختونخوا سے ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کاازالہ ہوگا وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری ملک میں تفریق کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں وہ گزشتہ شب ملک طارق اعوان قلعہ پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری مہمان خصوصی جبکہ محمود الرحمان چیئرمین جامع مسجد قاسم علی خان بھی موجود تھے تقریب میں الحاج ملک بشیر اعوان اور سماجی شخصیت الحاج ملک سلیم اعوان نے مہمانوں کو پگڑیاں پہنائیں ۔ الحاج ملک طارق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے اللہ پاک کا بہت کرم ہے کہ ہمیں انسان پیدا کیا اور پھر اپنے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کی امت میں پیدا کیا انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے نئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی تقرری کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں کیونکہ مولانا عبدالخبیر آزاد ایک غیر متنازعہ اور امن پسند شخصیت ہیں ۔