ہسپانوی شہریت کے خواہاں پاکستانی

June 14, 2021

اسپین میں کام کی تلاش سے زیادہ یہاں کی شہریت حاصل کرنے کی خواہش ہر غیر ملکی میں بدرجۂ اتم پائی جاتی ہے۔

اسپین میں دس سال لیگل طور پر رہنے والے اپنی شہریت کی درخواست دے سکتے ہیں۔

2015ء سے پہلے تک شہریت ملنے کا عمل 4 سے 5سال اور کبھی کبھی اس سے بھی زیادہ مدت پر محیط ہوتا تھا۔

لیکن اب شہریت حاصل کرنے کے لئے چونکہ زبان پر عبور ہونے کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا پڑتا ہے، اس لئے اب شہریت ملنے کی مدت 1 سے 2 سال پر محیط ہو گئی ہے۔

درخواست دینے کے لئے پاکستان سے پولیس کریکٹر اور پیدائش کاسرٹیفکیٹ، شادی شدہ ہیں تو نکاح نامہ منگوا کر کاغذات کے ساتھ لگانا ضروری ہوتا ہے۔

اسپین میں پاکستانیوں کی اس وقت تک اہلخانہ سمیت 1 لاکھ 30 ہزار کے لگ بھگ تعداد مقیم ہیں، جن میں سے زیادہ تر لیگل رہائشی ہیں اور کچھ ہی ایسے ہیں جو غیر قانونی رہائش پذیر ہوں گے۔

اسپین کی وزارت داخلہ کے شائع کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ سال 2020 میں اسپین کی شہریت حاصل کرنےوالوں کی کل تعداد 80 ہزار 148 ہے، جو 2019 کے مقابلے میں 51 فیصد کم ہے۔

شہریت حاصل کرنے والوں میں مراکشی 23 ہزار 522 ہیں، جو ٹوٹل تعداد کا 30 فیصد بنتے ہیں، مراکشی باشندوں کے پاسپورٹ لینے میں بھی 33 پرسنٹ کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

مراکش کے بعد ایکوڈورین ہیں، جن کے 5309افراد نے شہریت لی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 56 فیصد کم ہے۔

اس کے بعد4831 کولمبین نے اسپین کی شہریت لی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 62 فیصد کم ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ4781 بولیوین بھی اسپین کے شہری بنے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 58 فیصد کم تعداد ہے۔

وینزویلا کے 3545 افراد نے اسپین کا پاسپورٹ حاصل کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 34 فیصد کم ہے جبکہ 3029 پاکستانیوں نے بھی اسپین کی نیشنلٹی لینے کا اعزاز حاصل کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 19فیصد کم ہے۔

یورپین ممالک میں رومانیہ کے 1705 افراد کو اسپین کا پاسپورٹ ملا جبکہ افریقی ممالک میں 1380نائیجرین بھی یورپین بن گئے۔

اسپین کا پاسپورٹ لینے کے بعد اسپین کی نیشنلٹی لینے والوں میں اکثر تارکین وطن کی عمر کی شرح 37 سال ہے، اسپین کا پاسپورٹ لینے والوں میں خواتین کی بھی اچھی خاصی تعداد ہے اور وہ 49 فیصد بنتی ہے، نیشنلٹی لینے والوں میں 21 فیصد افرادکی عمریں 25 سال سے کم ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور اسپین کے مابین دہری شہریت کا کنٹریکٹ ابھی طے نہیں پایا، جس کی وجہ سے پاکستانیوں کو ہسپانوی شہریت لینے کے بعد پاکستانی پاسپورٹ سے ہاتھ دھونے پڑتے ہیں۔

پاکستانی کمیونٹی نے حکومت پاکستان سے بھر پور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسپین کے ساتھ دہری شہریت کا معاہدہ جلد از جلد کرے تاکہ فرانس اور برطانیہ کی طرح اسپین میں بھی پاکستانی دونوں ممالک کے پاسپورٹس رکھ سکیں۔