پولیس فورس کی ویکسی نیشن جلد مکمل کی جائے، آئی جی پنجاب

June 21, 2021

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہےکہ کورونا وبا کے دوران پنجاب پولیس عوام کی جان وما ل کے تحفظ کیلئے فرنٹ لائن ورکر کے طور پر اپنے فرائض ادا کر رہی ہے اور فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران پولیس فورس کے متعدد افسراناوراہلکار کورونا وبا سے جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس فورس کو کورونا ویکسی نیشن کا جاری عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ پولیس فورس اس موذی وبا سے محفوظ رہ کر عوام کی خدمت اور حفاظت کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیتی رہے۔ آئی جی نے کہاکہ سپروائزری افسران ذاتی نگرانی میں ماتحت فورس کی ویکسی نیشن مکمل کروائیں اور اس حوالے سے رپورٹس بھی سنٹرل پولیس آفس باقاعدگی سے بھجوائی جائیں۔ڈی آئی جی ویلفیئر آغا محمد یوسف نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ اب تک 50سے 60 برس کے 19ہزار218افسران واہلکاروں کو جبکہ40 سے 50 برس کے 24ہزار68افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیس سے چالیس برس کی کیٹیگری کے افسران و اہلکاروں کی ویکسی نیشن کا عمل بھی تیزی جاری ہے اور اب تک 30 سے 40 برس کے 41ہزار541افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ مجموعی طور پر تیس برس سے زائد عمر کے84ہزار827افسران واہلکاروں کو کورونا ویکسین لگ چکی ہے اور باقی رہ جانے والی فورس اور سٹاف کی ویکسینیشن کا عمل بھی بلا تعطل جاری ہے۔