پاک چین تجارت کے حجم میں 36.63 فیصد اضافہ

July 27, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان اورچین کے درمیان تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران 36.63 فیصد کی شرح سے نمایاں اضافہ ہوا ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران چین کوپاکستانی برآمدات میں 22.79فیصد جبکہ چین سے درآمدات میں39.02فیصد کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 2.043 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو پیوستہ مالی سال کے مقابلہ میں 22.79 فیصدزیادہ ہے، مالی سال 2020 میں چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.663 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیاتھا۔ جون 2021 میں چین کوپاکستانی برآمدات کاحجم 211.15 ملین ڈالررہا جوجون 2020 کے 128.22 ملین ڈالرکے مقابلہ میں 64.67 فیصدزیادہ ہے۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2021 میں چین سے درآمدات میں مالی سال 2020 کے مقابلہ میں 39.02 فیصد کی شرح سے نموہوئی ہے۔ گزشتہ مالی سال میں چین سے درآمدات کاحجم 13.302 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا۔مالی سال 2020 میں چین سے درآمدات کاحجم 9.568 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ جون 2021 میں چین سے درآمدات پر1.841 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا، جون 2020 میں چین سے 1.312 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی تھیں۔