تھانیداروں کو ڈپٹی کمشنر کے اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، حافظ نعیم

August 05, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت شہر قائد میں جاگیردارانہ سوچ اور رویہ اختیار کرتے ہوئے عوام دشمن اقدامات کر رہی ہے، سندھ حکومت کے اس جاگیردارانہ فیصلے اور آمرانہ طرز عمل سے عوام اور تاجر برادری میں شدید بے چینی اور اضطراب پیدا ہو رہا ہے، تھانیداروں کو ڈپٹی کمشنر کے اختیارات تفویض کرنے کے فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے ،کورونا وباء سے بچاؤ اور لاک ڈاؤن کے نام پر پوری شہری زندگی معطل کردینا کسی طرح بھی درست نہیں، انہوں نے کہا کہ ایک طرف شہریوں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت کی جا رہی ہے دوسری طرف ویکسین کی فراہمی کا کوئی موثر انتظام نہیں،ویکسی نیشن مراکز پر عوام کا ہجوم از خود کورونا وباء کے پھیلاؤ کا باعث بن رہا ہے، انتظامات کا اگر یہ ہی حال رہا تو شہر قائد کے تین کروڑ سے زائد عوام کو کس طرح ویکسین لگائی جا سکے گی۔