سول سوسائٹی، رائٹس ایکٹوسٹس، ہیومن رائٹس کمیشن نے PMDA کو مسترد کردیا

September 16, 2021

لاہور(نمائندہ جنگ) سول سوسائٹی، رائٹس ایکٹوسٹس اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نےپاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (PMDA) کو مسترد کرتے ہوئے مجوزہ اتھارٹی کو ملک میں میڈیا کی آزادی کو دبانے کی کوشش قرار دیدیا۔ انسانی حقوق کےممتاز کارکنوں ، وکلاء اورسینئرصحافیوں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے بدھ کو لاہور میں شروع ہونیوالے 3روزہ فیڈرل ایگزیکٹو کونسل (FEC) کےکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ میڈیا کے خلاف اس جنگ میں صحافیوں کیساتھ مضبوطی سے کھڑے ہونگے، جس کا مقصد پریس کی آزادی کو روکنا ہے۔ صحافیوں کا 3روزہ کنونشن پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) اور لاہور پریس کلب نے مشترکہ طور پر منعقد کیا جس میں سینکڑوں صحافی پی ایم ڈی اے کے خلاف بات کریں گے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی چیئرپرسن حنا جیلانی نے صحافیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ حکومت کا کہنا ہے وہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کو کنٹرول کرنے کیلئے پی ڈی ایم اے متعارف کروا رہی ہے۔