سیکریٹری تعلیم جنوبی پنجاب کی سکولوں میں مالی معاملات کا سپیشل آڈٹ کرانے کی ہدایت

September 22, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے سی ای اوز کو ہدایات کی ہے کہ محکمہ تعلیم کے کورٹ کیسز کے معاملات پر توجہ دی جائے اور سکولوں میں کینٹین سمیت دیگر ٹھیکہ جات اور تمام مالی معاملات کا سپیشل آڈٹ کرایا جائے۔یہ بات انہوں نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقدہ جنوبی پنجاب کے ایجوکیشن سی ای اوز اور ڈی ای اوز کی کانفرنس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کی۔ کانفرنس میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں یکساں تعلیمی نصاب پرعمل درآمد، سکولوں میں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف اور 18 سال تک کے طلبہ کی کورونا ویکسی نیشن، ای ٹرانسفر، سکولوں میں کھیلوں کے فروغ ، ہاکی کی ٹیموں کی تشکیل، گراؤنڈز اور سامان کی دستیابی، ایس ٹی آئیز اور ایجوکیٹرز کی بھرتی، سکولوں میں شجرکاری و نرسریوں کے قیام کیلئے گرین اینڈگرے پراجیکٹ، طلبہ کے لیے آن لائن روشنی میگزین کے لیے تحریروں کی ترسیل اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکولوں میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔