قومی ٹی 20، سندھ کے تابڑ توڑ حملے، سدرن پنجاب کو زیر کرلیا

September 25, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) قومی ٹی ٹوئنٹی میں جمعے کو پہلے میچ میں جی ایف ایس سندھ نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہرادیا ہے۔ ناکام ٹیم خرم منظور، انور علی اور دانش عزیز کے تابڑ توڑ حملوں کی تاب نہ لاسکی۔ راولپنڈی میں سندھ نے 176 رنز کا ہدف چار گیندیں قبل 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ اوپنر خرم منظور نے 49 گیندوں پر 84 رنزبناکر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ۔ ہدف کے تعاقب میں سندھ کا آغاز متاثرکن نہ تھا۔ اوپنرز محض 33 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ البتہ خرم منظور نے شاندار بیٹنگ کی ۔ انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے50 رنز کی شراکت قائم کی۔ سرفراز احمد 15اور حسن محسن 7رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں انور علی اور دانش عزیز نے دھواں دھار بیٹنگ کی۔ انور علی نے 9 گیندوں پر 2 چھکوں اور 3چوکوں کی بدولت ناٹ آؤٹ 29 اور دانش عزیز نے 11 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 17 رنز کی اننگز کھیلی۔ نسیم شاہ، عامر یامین اور محمد الیاس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کو اوپنرز ذیشان اشرف اور زین عباس نے پاور پلے میں 59رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ذیشان اشرف نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 34اور زین عباس نے پانچ چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے۔ آل راؤنڈر عامر یامین نے 26 گیندوں پر چار چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 43 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 170 کے پار پہنچا دیا۔ کپتان صہیب مقصود 18، خوشدل شاہ 21، اعظم خان 20اور حسان خان 4 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئے۔ سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ محمد حسنین نے 2 شکار کیے۔جمعے کو دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو دو وکٹ سے ہرایا۔ کپتان بابر اعظم نے 65رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ فاتح ٹیم نے143 رنز کا ہدف آٹھ وکٹ پر حاصل کرلیا۔ وہاب ریاض20 اور حسن علی19رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر تھے۔ کامران اکمل ایک اور احمد شہزاد چار رنز بناسکے۔ فہیم اشرف نے دو رنز اسکور کئے۔ جنید خان نے41رنز کے عوض تین جبکہ عاکف خان اور کاشف بھٹی نے دو،دو کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ قبل ازیں بلوچستان نےسات وکٹ پر142 رنز اسکور کیے ۔ عمید آصف 32 اور کاشف بھٹی 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سینٹرل پنجاب کی جانب سے عثمان قادر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔