طلباء پر تشدد ‘ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، وکلاء

September 25, 2021

کوئٹہ( این این آئی)بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین قاسم علی گاجزئی چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی ایوب ترین ممبران بار کونسل راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور امان اللہ کاکڑ نے بیان میں پی ایم سی ٹیسٹ کے خلاف طلباء و طالبات کی پرامن ریلی پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے طلباء و طالبات پر تشدد کرکے آمریت کی یاد تازہ کردی ،کسی بھی معاشرے میں پرامن احتجاج طلباء کا بنیادی حق ہے لیکن بلوچستان میں حکمران طلباء و طالبات کو پرامن احتجاج کرنے بھی نہیں دے رہے، بیان میں کہا گیاکہ اس قسم کے واقعات سے بلوچستان کی نااہل حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور بد ترین گورننس کی وجہ سے عوام طلباء وکلاء سول سوسائٹی جام حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ بیان میں کہا گیاکہ پی ایم سی ٹیسٹ کے خلاف ملک گیر احتجاج تھا لیکن ملک بھر میں طلباء و طالبات کے خلاف کوئی کریک ڈاوٴن اور نہ گرفتاریاں اورنہ لاٹھی چارج ہوا لیکن کوئٹہ میں حکومت نے رات بھر پرامن احتجاج پر بیٹھے طلباء پر حملہ کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ بلوچستان بار کونسل طلباء کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت فوری طور پر گرفتار طلباء کو رہا کرےاور ان کے خلاف دائر مقدمات کو واپس لےکر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور پی ایم سی ملک بھر میں ایک دن ٹیسٹ کو یقینی بنائے ۔