صنعتی زون کے قیام کیلئے مختص 300 ایکڑ اراضی الاٹیز کے سپرد نہیں کی گئی

September 27, 2021

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کے محکمہ صنعت و تجارت کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی، گنجو ٹکر کے مقام پرنئے صنعتی زون کے قیام کے لیے مختص 300ایکڑ اراضی الاٹیز کے سپرد نہیں کی گئی، درجنوں افراد لاکھوں روپے جمع کرانے کے باوجود اپنے حق سے محروم اور پریشان ہیں، دوسری جانب مذکورہ صنعتی زون کو محفوظ بنانے کے لیے باؤنڈری وال بھی تعمیرنہیں کرائی گئی ہے، اس ضمن میں متعلقہ حکام اقدامات اٹھانے سے گریزاں ہیں، تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے شعبہ صنعت و تجارت کی فلاح کے لیے ہر سال نئے منصوبے متعارف کرائے جاتے ہیں اور ان کے لئے کروڑوں روپے کا بجٹ اور فنڈز مختص کیے جاتا ہےلیکن ان کی تکمیل اور احکامات پر من وعن عملدرآمد ایک سہانا خواب ہے، حیدرآباد میں صنعت کو فروغ دینے کے لیے حکومت سندھ کے محکمہ صنعت و تجارت کی جانب سے 2010اور 2011میں گنجو ٹکر کے مقام پر ہوسڑی موڑ کے نزد کارخانے، ملیں،فیکٹریاں اور صنعت کے شعبے کی ترقی سے وابستہ دیگر کاموں کے لیے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائٹ) فیز 2 کے نام سے 300ایکڑ اراضی صنعتکاروں کو لیز پر الاٹ کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا۔