تیمم کا طریقہ

October 15, 2021

تفہیم المسائل

سوال:تیمم کیسے کرتے ہیں؟ کیونکہ آج کل تو گھروں میں مٹی بھی نہیں ملتی اور پتھر بھی نہیں، تو اس کاطریقہ کیا ہے؟

جواب:تیمم کے تین فرائض ہیں :

(۱) نیت (۲) سارے منہ پر ہاتھ پھیرنا(۳) دونوں ہاتھ کا کہنیوں سمیت مسح کرنا ۔تیمم کا طریقہ یہ ہے کہ دونوں ہاتھ کی انگلیاں کشادہ کرکے کسی ایسی چیز پر جو زمین کی قسم سے ہو، مارکر لوٹ لیں اور زیادہ گرد لگ جائے تو جھاڑ لیں اور اس سے سارے منہ کا مسح کریں ،پھر دوسری مرتبہ یوں ہی کریں اور دونوں ہاتھوں کا ناخن سے کہنیوں سمیت مسح کریں۔

وضو اور غسل دونوں کا تیمم ایک ہی طرح ہے۔ ہر وہ شے جو جنسِ زمین سے ہو ،اُس سے تیمم کیا جاسکتا ہے ۔گھروں میں دیوار پر ہاتھ مار کر بھی تیمم کیا جاسکتا ہے ۔اشیاء پر غبار لگ جاتا ہے ،اُس سے بھی تیمم جائز ہے کہ یہ چیزیں مٹی کے قائم مقام ہیں۔