• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون صحافی کو دھمکی کے نتائج سنگین ہوں گے، میڈیا تنظیمیں


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پی ایف یو جے نے خبردار کیا ہےکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کی طرف سے سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کے خلاف غیر شائستہ اور دھمکی آمیز زبان کے استعمال کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔

بدسلوکی اور غیر شائستہ زبان استعمال کرنے سے حکومتی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی جبکہ کراچی ‘لاہور‘ کوئٹہ ‘پشاوراور نیشنل پریس کلبزکے صدورنے مطالبہ کیاہے کہ شہباز گل صحافی برادری سے معافی مانگیں بصورت دیگر پاکستان کے تمام پریس کلبز میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی اور ان کی میڈیاکوریج کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔ 

صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے سرکاری ترجمان کا ایسا رویہ کابینہ کے رکن کی تربیت اور ذہنی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے، انکے درمیان خلیج بڑھانے کے بجائے میڈیا حکومت کے تعلقات کو کون بہتر بنائیگا؟ انہوں نے یاد دلایا کہ دھمکیاں ، بدسلوکی، غیرشائستہ زبان استعمال کرنا، صحافی اور وہ بھی خاتون کیخلاف مذہبی جذبات کو بھڑکانےسے حکومتی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی۔

پی ایف یو جے کی قیادت نے عاصمہ شیرازی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کالم میں کسی کا نام نہیں لیا ہے،یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ شہباز گل صحافیوں کو بدنام کرنے ، پریس کانفرنسوں ، ٹاک شوز ، آن لائن حملوں اور ٹرولنگ میں سنگین دھمکیاں دینے کے عادی ہیں۔ 

پی ٹی آئی حکومت کی سرکاری پالیسی پرانہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عاصمہ شیرازی نے خاتون اول کا نام نہیں بتایا تو پھر وزیراعظم کے سرکاری ترجمان بار بار آن لائن انکے نام کا ذکر کیوں کر رہے ہیں اور کسی غیر موجود مسئلہ پر پریس کانفرنس کیوں کی؟ "

انہوں نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ شہباز گل اور دوسرے لیڈروں کے طرز عمل کی تحقیقات کریں جو دانستہ طور پر خاتون اول کا نام پبلک کر رہے ہیں جو وفاقی کابینہ میں ان عناصر کے کچھ پوشیدہ ایجنڈے اور بیرونی محرکات کا تاثر دے رہے ہیں اور ہم صحافی برادری بالخصوص خاتون صحافی اور میڈیا ورکرز کیخلاف ایسی حرکتوں کی اجازت نہ دیں۔

دریں اثناءکراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ‘کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند‘ پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض اور نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گِل کی جانب سے سینئر صحافی اینکرپرسن عاصمہ شیرازی کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ 

اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایک عہدیدارکی جانب سے خاتون صحافی کے خلاف اخلاق سے گری ہوئی اوردھمکی آمیز گفتگو اور لب و لہجہ کا استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اپنی ناکامیوں پر تنقید کا جواب اگر دھمکیوں سے دے گی تو اس سے صحافیوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔ 

فاضل جمیلی، ارشد انصاری اور شکیل انجم نے کہا کہ شہباز گل صحافی برادری سے معافی مانگیں بصورت دیگر پاکستان کے تمام پریس کلبز میں ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی اور ان کی میڈیاکوریج کا بھی بائیکاٹ کیا جائے گا۔ 

صحافی برادری کے رہنماؤں نے کہا کہ شہباز گل نے دھمکیاں دیکر صحافیوں کے خلاف اشتعال انگیزی کی کوشش کی ہے، ہم واضح کرتے ہیں کہ اگر عاصمہ شیرازی یا کسی اور صحافی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کی ایف آئی آر حکومت اور شہبازگل کے خلاف براہ راست درج کروائی جائے گی۔

علاوہ ازیں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد نے سینئر صحافی اینکر پرسن عاصمہ شیرازی کے خلاف کیے جانے والے پراپیگنڈا کے حوالے سے مشترکہ ہنگامی اجلاس جمعہ کو (آج )دوپہر دو بجے نیشنل پریس کلب میں طلب کر لیا گیا ہے۔ 

اجلاس میں عاصمہ شیرازی کے خلاف سوشل میڈیا پر کی جانے والی غیر مہذب زبان اور حکومتی وزراء کی طرف سے غلیظ زبان استعمال کرنے کے خلاف لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ 

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر عامر سجاد سید،جنرل سیکرٹری طارق علی ورک،نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم اور سیکرٹری انور رضا نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم عاصمہ شیرازی سمیت کسی صحافی کے خلاف اس طرح کا رویہ کسی طور پر برداشت نہیں کریں گے اور صحافیوں کے خلاف اس طرح کی غلیظ زبان استعمال کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین