• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں بینک فراڈ کی بڑھتی وارداتوں کے انسداد کیلئے ہاٹ لائن قائم

لندن (سعید نیازی) اگر فون پر کال موصول ہو اور فون کرنے والا دعویٰ کرے کہ وہ آپ کے بنک سے بات کر رہا ہے اور یہ کہ آپ کا اکائونٹ ہیک ہو چکا ہے، اپنی رقم کو محفوظ بنانے کیلئے فوری طور پر اسے بتائے گئے اکائونٹ میں منتقل کر دیا جائے تو گبھراہٹ میں اس ہدایت پر عمل کرنے سے قبل فراڈ کے انسداد کیلئے بنائی گئی ہاٹ لائن 159 پر کال کرلیں۔ اسٹاپ اسکیمز یوکے کی اس سروس کو فراڈ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کو روکنے کیلئے بنکنگ اور ٹیکنالوجی کمپنیز کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا ہے۔ 159 پر کال کرنے کی صورت میں صارف کا رابطہ اس کے بنک کے فراڈ پریونشن سروس سے کرا دیاجائے گا۔ فراڈ کرنے والوں نے رواں برس کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران صارفین کو روزانہ تقریباً 4 ملین پونڈ کی رقم سے محروم کیا ہے اور بنکنگ ٹریڈ باڈی یوکے فنانس نے اس بڑے پیمانے پر فراڈ کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا تھا۔ اسٹاپ اسکیمز یوکے سے تعاون کرنے والے بنکوں میں بارکلیز، لائیڈز اور نیٹ ویسٹ وغیرہ شامل ہیں جب کہ نیشن وائیڈ بلڈنگ سوسائٹی نے اس حوالے سے اپنا علیحدہ ورژن لانچ کیا ہے۔ اسٹاپ اسکیمز یوکے کی چیئر روتھ ایونز کا کہنا ہے کہ فراڈ کرنے والے لوگوں کو باتوں میں الجھا کر رقم ٹرانسفر کرنے پر مجبور کرتے ہیں لیکن اب صارفین 159 پر کال کرکے فراڈ سے بچ سکیں گے۔ ابتدائی طور پر اس پراجیکٹ کو ایک برس کیلئے شروع کیا گیا ہے لیکن توقع ہے کہ جلد ہی اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔

تازہ ترین