واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے انعقاد میں صرف ایک سال باقی رہ گیا ہے اور ڈیموکریٹک پارٹی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کو اپنی مقبولیت کی گرتی ہوئی شرح اور ریاست ورجینیا میں گورنر کے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کی شکست کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ جنوری میںبائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد ان کی مقبولیت کی شرح اوسطاً 50 فیصد تک تھی۔ تاہم اگست کے اواخر میں ان کی مخالفت کی شرح پہلی بار ان کی حمایت کی شرح سے بڑھ گئی۔ تازہ جائزے کے مطابق بائیڈن کی حمایت کی شرح 43.1 فیصد تھی، جو ان کے اقتدار میں آنے کے بعد کم ترین سطح ہے۔ تجزیہ کار ان کی گرتی ہوئی مقبولیت کی وجہ افغانستان سے امریکی فوج کے ہتک آمیز انخلاکو قرار دے رہے ہیں۔ ایک اور ممکنہ وجہ ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر بدنظمی کے باعث بڑے اخراجات کے سلسلے میں بروقت قانون سازی کرنے میں ناکامی ہے۔ بائیڈن کو بڑا جھٹکا منگل کے روز لگا تھا کہ جب ان کا ایک حمایت یافتہ امیدوار ریاست ورجینیا کے گورنر کے انتخاب میں حریف ریپبلکن امیدوار سے شکست کھا گیاتھا۔ اس انتخاب کو بائیڈن انتظامیہ کے مستقبل کے امکانات کا آئینہ قرار دیا جا رہا تھا۔