• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شہری کے مبینہ قاتل ٹک ٹاکرز ریمانڈ پر جیل بھیج دیئے گئے

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت نے ٹک ٹاکرز کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت کے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

کراچی میں ملیر سٹی پولیس نے ملزم سعید احمد اور فاضل علی کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کر دیا۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے گھر کے باہر کھڑے شہری کو گولی مار دی تھی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کو شناخت کیا گیا تھا، ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی تھی۔

پولیس نے مزید بتایا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں قمر رضا نامی شہری جاں بحق ہوا تھا، جبکہ واقعے میں استعمال ہونے والا اسلحہ فارنزک کے لیے بھیجوا دیا گیا ہے۔

پولیس نے عدالت سے واقعے کی مزید تفتیش کرنے کے لیے ریمانڈ دینے کی استدعا کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ دونوں ملزمان کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔

عدالت نے ملزمان کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور پولیس کو دونوں ملزمان کو 14 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے میڈیا کو بتایا تھا کہ 23 دسمبر 2021ء کو غازی چوک جعفر طیار میں گھر کے باہر کھڑے شہری کے قتل کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاکرز سعید احمد اور فاضل علی کو گرفتار کیا ہے جن کی عمریں 14 سے 15 سال کے درمیان ہیں۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے یہ بھی بتایا تھا کہ ملزم فاضل نے تھرل کے لیے گھر کے باہر کھڑے شہری قمر رضا پر فائرنگ کی تھی، جو بعد میں جان لیوا ثابت ہوئی تھی۔

تازہ ترین