کراچی(سید محمد عسکری)پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کے طلباء کو متنبہ کیا ہے کہ وہ الحاق شدہ کالجوں اور اداروں کی طرف سے پیش کردہ پی ایچ ڈی اور ایم ایس/ایم فل/مساوی پروگراموں میں داخلہ نہ لیں۔ طلباء کو سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سطح پر الحاق شدہ کالجوں اور اداروں کی طرف سے پیش کیے جانے والے کسی بھی پروگرام میں داخلہ نہ لیں، کیونکہ اس کے نتیجے میں حاصل ہونے والی ڈگریوں کو ایچ ای سی سے تسلیم نہیں کیا جائے گا اور ان کی تصدیق نہیں کی جائے گی۔ الحاق شدہ کالجوں/ اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پی ایچ ڈی اور ایم فل/ ایم ایس/ مساوی پروگراموں میں داخلہ کی پیشکش اور تشہیر نہ کریں۔ انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ ایسی کسی بھی کارروائی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔