اسلام آباد(تنویر ہاشمی ،کامرس رپورٹر) سرکاری اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی نے بعض ایس اوایز کی جانب سے کئی برسوں تک مالیاتی آڈٹ مکمل نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ، کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ آڈٹ کا عمل بغیر کسی تاخیر کے فوری شروع کیا جائے ، کمیٹی نے ایس ای سی پی کو بھی ہدایت کی کہ مذکورہ اداروں کے آڈٹ کیسوں کی نگرانی کرے اور کابینہ کمیٹی میں اپنی سفارشات پیش کرے ،کابینہ کمیٹی نے سٹریٹجک پلان ڈویژن( ایس پی ڈی ) کے تمام اداروں کو ایس او ایز ایکٹ اور پالیسی 2023سے استثنی ٰدینے کی منظوری دے دی اور ان اداروں کو وزارت خزانہ کی مطلولب رپورٹنگ سے بھی نکالنے کی بھی منظوری دی کیونکہ یہ ادارے حساس اور سکیورٹی نکتہ نظر سے اہم ہیں ، کابینہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی محمد خالد مگسی سمیت دیگر اعلی ٰ حکام بھی شریک ہوئے ، کمیٹی نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں آزاد بورڈ آف ڈائر یکٹرز کی تعیناتی کی بھی منظوری دے دی۔