کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف سینیٹ سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ سلمان اکرم کا جو لب و لہجہ تھا وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیڈر کو اختیار نہیں کرنا چاہیے، وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں، اہلیہ ، سی ایم کچھ نہ کرسکے تو یہ2 بچے جنہیں اردو بھی نہیں آتی کیا کرسکتے ہیں،میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکا زوال کا شکار ہے ،کچھ پاکستانی جو ایک فیصد سے بھی کم ہیں وہ ذہنی غلام ہیں جو کہتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ امریکہ زوال کا شکار ہے ۔ پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف سینیٹ سینیٹر بیرسٹر علی ظفرنے کہا کہ سلمان اکرم کا جو لب و لہجہ تھا وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیڈر کواختیار نہیں کرنا چاہیے ضروری ہے تحمل سے بات کی جائے۔علیمہ خان نے بالکل درست کہا ہے کہ ضروری یہ ہے کہ آپس کے اختلافات چھوڑ کر صرف تحریک پر فوکس کریں۔ لاہور کی تقریب میں عالیہ حمزہ کو بلانا چاہیے تھا۔یہ کہا گیا کہ وہ مصروف تھیں ایسا بھی نہیں تھا۔ نوے دن کی جو بات کی گئی وہ پریس کانفرنس میں کی گئی تھی اس کے بعد تحریک انصاف کو اس پر ردِ عمل واضح کرنے کی ضرورت ہے بہرحال عمران خان نے آج یہ پھر دہرایا ہے کہ پانچ اگست ہی دن ہے ۔