• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 
نوواک جوکووچ کو عارضی ریلیف مل گیا
نوواک جوکووچ کو عارضی ریلیف مل گیا

عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کو آسٹریلیا سے ملک بدری کے معاملے میں عارضی ریلیف مل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلین عدالت نے جوکووچ کو پیر سے قبل ملک سے بےدخل نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

آسٹریلوی جج انتھنی کیلی کا کہنا ہے کہ انصاف ضروری اپیلوں کے ذریعے اپنی رفتار سے آگے بڑھے گا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے بدھ کے روز کورونا وائرس کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویز ا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وہ بدھ کو سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے میلبورن پہنچے تو ائیرپورٹ حکام نے ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزے کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا۔

جوکووچ کو ویکسی نیشن قوانین سے مستثنیٰ ہونے کے بعد آسٹریلین اوپن میں کھیلنا تھا لیکن ان کی ٹیم نے ویزے کی درخواست نہیں کی تھی جو ویکسین نہ لگوانے پر طبی چھوٹ کی اجازت دیتا ہے۔

نوواک جوکووچ نے ملک بدری کے معاملے پر عدالت سے رجوع کیا، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوکووچ کے وکلاء آسٹریلوی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف عدالتی کارروائی میں مصروف ہیں۔

نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکےانہیں سرکاری حراستی ہوٹل میں رکھا گیا ہے۔

اس معاملے پر آسٹریلین وزیراعظم اسکاٹ موریسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قواعد و ضوابط اہم ہیں جب یہ خاص طو پر سرحد سے متعلق ہوں، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، ہماری مضبوط سرحدی پالیسیوں سے آسٹریلیا میں کورونا سے کم ترین اموات ہوئیں، ہم محتاط رہنےکا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بیس مرتبہ گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے والے نوواک جوکووچ کے لیے اب اپنے اعزاز کا دفاع کرنا مشکل ہوسکتا ہے کیونکہ اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ جوکووچ عدالت میں جیت بھی جاتے ہیں تو وہ 17 جنوری سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن میں شرکت کرسکیں گے یا نہیں۔

آسٹریلوی بارڈر فورس کے مطابق سربین اسٹار ملک میں داخلے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مناسب ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا ہے۔

بعض رپورٹس کے مطابق جوکووچ دبئی سے14 گھنٹے کی پرواز کرکے میلبورن پہنچے اور تقریباً نو گھنٹے ہوائی اڈے پر موجود رہے۔

خیال رہے کہ جوکووچ کرونا ویکسی نیشن لگوانے سے گریز کرتے رہے ہیں۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اُنہیں آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے میڈیکل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

آسٹریلین اوپن کا آغاز میلبورن میں 17 جنوری سے ہو رہا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید