• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس کی ہدایت پر انچارج CTD کیخلاف مقدمہ چیلنج کیا گیا، سپریم کورٹ، راجا عمر خطاب کی بھی سرزنش

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے لاپتا شہری کی بازیابی کیلئے ایف آئی آر درج ہونے کیخلاف پراسیکیوشن کی اپیل پر ندیم پٹیل کو منگل کو طلب کرلیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتا افراد کیس پر پراسیکیوشن کی اپیل کی سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر جنرل نے بتایا کہ انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم چیلنج کیا ہے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سے استفسار کیا کہ آپکو کس نے ہدایت دی تھی؟ پراسیکیوٹر جنرل سندھ فیض ایچ شاہ نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی کی درخواست پر سندھ ہائیکورٹ کا حکم چیلنج کیا ہے۔ ملزم ندیم پٹیل ایئر پورٹ حملہ سمیت کئی سنگین مقدمات میں نامزد ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہمیں سی ٹی ڈی کا ہائیکورٹ میں جمع کرایا گیا جواب دکھائیں۔ عدالت کے بار بار سوال کرنے پر بھی پراسیکیوٹر جنرل مناسب جواب دینے سے قاصر رہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے آپ ایک سوال کا ٹھیک جواب نہیں دے سکے ہمیں جرح کرنا پڑ رہی ہے۔ یہ کس افسر کے دستخط ہیں ؟ آپ ایک جواب نہیں دے پار ہے۔ عدالت نے انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کی بھی سرزنش کردی۔

اہم خبریں سے مزید