کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے پان مصالحہ کے نام پرمضر صحت گٹکے کی خرید و فروخت سے متعلق فریق بنانے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے جواب طلب کرلیا، درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے گٹکے کی خرید فروخت پر پابندی لگائی ہوئی ہے، جسٹس شفیع صدیقی نے استفسار کیا کہ گٹکا اور پان مصالحے میں کیا فرق ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پان مصالحے میں وہی چیز ملائی جاتی ہے جو گٹکے، ماوا، مین پوری میں ملائی جاتی ہے، نام بدلنے سے گٹکے کی پابندی ختم نہیں ہوجائے گی،شہری کی درخواست پر عدالت نے گٹکے ، ماوا ، مین پوری پان مصالحہ پر پابندی عائد کی، گٹکا مافیا نے پان مصالحہ کے نام پر جعلی کیمیکل رپورٹ پر کورٹ سے حکم امتناع لے رکھا ہے اس کو ختم کیا جائے۔