کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پیر کوادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا لاڈلہ میئر اہل کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکے اور دھوکہ دہی کے ذریعے مسلط کیا گیا ہے، بلاول اپنے جیالے میئر کی خواہ کتنی ہی تعریف کر لیں یہ جعلی میئر کراچی کے عوام کے لیے عذاب بنا ہوا ہے،عید الفطر کے بعد اہل کراچی کے حق اور با اختیار میگا سٹی حکومت کے لیے تحریک اور جدو جہد مزید تیز کی جائے گی ، جعلی اور قابض میئر کے لیے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی لائی جائے گی ، انہوں ے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 18سالہ بدترین دور حکمرانی نے کراچی کو تباہ و برباد کر دیا ہے، آج بھی نصف سے زیادہ شہر پینے کے پانی سے محروم ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کا عملاً کوئی نظام موجود نہیں، عوام ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، ٹریفک جام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر کے باعث اذیت کا سامنا کر رہے ہیں،اس موقع پر سیف الدین ایڈوکیٹ، زاہد عسکری، نجیب ایوبی، عمران شاہد بھی موجود تھے،منعم ظفر نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کے نام پر تین سال میں قابض و جعلی میئر نے 400کروڑ روپے خرچ کر کے 18/18فٹ کی دو پتلی گلیاں بنائی ہیں، ان 400کروڑ روپے سے 4ہزار گلیاں بنائی جا سکتی تھیں۔