مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) ماہر تعلیم استاذ ریاض احمد کھوکھر نے روز نامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری میں حکومتی اداروں کی غفلت پر تحقیقات اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت قوانین بنائے جائیں اور ریاست، پاکستان کے ہرفرد کی جان کو قیمتی سمجھے اور ہر شہری کے جان و مال کے حفاظت کی ذمہ داری پوری کرے۔ریاض احمد کھوکھر نے کہا کہ سانحہ مری کی وجہ سے پوری قوم افسردہ ہے، بادی النظر میں سرکاری محکمے اگر بروقت اقدامات کرتے تو انسانی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زندگی اور موت اللہ رب العزت کے ہاتھ میں ہے ہیں،جسے چاہے زندہ رکھے اور جیسے چاہے موت دے، مگر اللہ پاک نے انسان کو جو اختیارات دیئے ہیں، انہیں صحیح استعمال کریں، انہوں نے کہا کہ سانحہ مری ہونے کے بعد سیاستدان اور دیگر جماعتیں ایک دوسرےکو قصور وار ٹھہرانے لگیں حالانکہ ہر بندہ اپنی ذمہ داری کا ثبوت دے، انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیاں دینے کے بعد معرضِ وجود میں آیا تھا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقاء نے دن رات کی محنت سے ازاد ریاست قائم کی ، اس لیے پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کی ذمہ داری کہ وہ اپنی ڈیوٹی سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دے،تاکہ پاکستان صیح معنوں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے طورپر دنیا میں اپنی شناخت قائم رکھ سکے۔