برسلز (این این آئی )یورپی خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل نے کہاہے کہ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کا مذاکراتی عمل ایک مشکل دور سے نکل کر پرسکون ماحول میں داخل ہو گیا ہے۔ نئے سال میں مذاکرتی عمل کے حوالے سے مثبت اشارے سامنے آئے ہیں اور ڈیل طے ہونے کا امکان موجود ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نئی صورت حال کے بارے میں یورپی یونین نے آئندہ کسی ممکنہ ڈیل کے طے ہونے کے اشارے بھی دیے۔یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ یوزیپ بوریل نے کہا کہ کرسمس کے دنوں سے مذاکراتی عمل ایک مناسب دور میں داخل ہو چکا ہے اور اس سے پہلے تک بات چیت بہت مایوس کن تھی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کا امکان موجود ہے اور یہ اگلے چند ہفتوں میں ممکن ہو سکتا ہے۔بوریل نے ایرانی جوہری مذاکرات کے حوالے سے اظہارِ خیال فرانس کے جنوب مغربی شہر بریسٹ میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی دو روزہ میٹنگ کے بعد کیا۔ بریسٹ میں یوزیپ بوریل کی میڈیا گفتگو کے دوران فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں ایو لدریاں بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس موقع پر یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ کے موقف کی تائید کی۔ لدریاں نے یہ ضرور کہا کہ بات چیت کا عمل سست ہے مگر مثبت نتیجے کا امکان موجود ہے۔