• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑھتی آبادی، روزگار دینا چیلنج، تعلیم کو ملکی ضروریات سے منسلک نہیں کیا گیا، نوجوان ڈگریاں ہونے کے باوجود بےروزگار، IT اور ٹیکنالوجی ضرورت، عمران خان

نوجوان ڈگریاں ہونے کے باوجود بےروزگار، IT اور ٹیکنالوجی ضرورت، عمران خان


پشاور‘ہری پور(ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے‘ تعلیم‘ ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سیکٹر پر توجہ دے کر ہم اس چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں۔

ہمارے ملک میں تعلیم کو ملکی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں کیاگیا‘نوجوان ڈگریاں ہونے کے باجود بے روز گار ہیں‘ آنے والا دور ٹیکنالوجی کا ہے، تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی‘انگلینڈ نے آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیاں بنائیں تو کئی سو سالوں تک ان تعلیمی اداروں نے دنیا کی قیادت کرنے والے لوگ دئیے۔

بد قسمتی سے ہمارے ملک میں تین تعلیمی نظام بن گئےجس کی وجہ سے معاشرے پر بہت منفی اثرات مرتب ہوئے‘جیسے جیسے ریونیو بڑھے گا تعلیم اور صحت کے شعبہ میں مزید خرچ کریں گے۔

حکومت مہنگائی کے اثرات روکنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوہری پورمیں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب اورپشاور میںخیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وزیرِ اعظم سے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور وزیرِ اعلی محمود خان نے بھی ملاقات کی‘ملاقات میں صوبے میں سیاسی صورتحال، انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ہری پورمیں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک تعلیمی اداروں سے بنتے ہیں۔

ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کی ضرورت پر زور نہیں دیا جس سے ہم ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون پورا ایکو سسٹم ہے، اس کے ہمارے معاشرہ پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے‘تعلیمی اداروں میں نوجوان جو کچھ پڑھ کر آتے ہیں وہ مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں۔

ایک طرف ملک میں پیشہ ورانہ اور ہنر مند افراد کی ضررت ہے جبکہ دوسری طرف نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد بے روزگار ہے‘آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے‘دریں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ انضمام شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان کیلئے سالانہ ترقیاتی بجٹ کو بڑھا کر رواں سال 54 ارب روپے کیا، عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے مہنگائی بڑھی، حکومت عام آدمی کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت میں اضافہ ہوا ہے، حکومت خیبر پختونخوا میں سیاحتی مقامات کی نشاندہی کر چکی، جلد سیاحتی مقامات کی ترقی کیلئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید