کوئٹہ، رکنی، بارکھان (خ ن)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی ہدایت پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر مراکز کی چیکنگ کے دوران ایس او پیزکی خلاف ورزی پر 7 میٹ شاپس سیل جبکہ 2 پر جرمانے عائد کردئیے ۔بی ایف اے حکام کے مطابق مزکورہ میٹ شاپس کے خلاف گزشتہ وارننگ نوٹسز و ہدایات کے باوجود دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے ،گندے اوزار استعمال کرنے اور صفائی کے نامناسب انتظامات پر کارروائی کی گئی۔ مزید برآں شہباز ٹاؤن اور سمنگلی روڈ میں قائم کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی حکام نے پکوان میں چائنیز نمک کے استعمال سمیت مختلف وجوہات پر معروف " کنگ کانگ پیزا پوائنٹ ، اٹالین پیزا پوائنٹ ، گرین اینڈ اسپائسی فوڈ کارنر ، ہاٹ اینڈ اسپائسی اور پیزا پوائنٹ پر بھی جرمانے عائد کیے۔ ہدہ جیل روڈ اور سرکی روڈ میں 2 بیکنگ یونٹس کے خلاف ناقص پروڈکشن ، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے اور آلودہ مشینری پر کارروائی کی گئی۔ مزیدبرآں رکنی ضلع بارکھان میں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے معروف " کشمیر بیکرز اور النور بیکرز " کے پروڈکشن یونٹ چیک کیے تو اشیاء کی تیاری میں کھلا و پابندی عائد کوکنگ آئل استعمال کیا جارہا تھا ، یونٹس میں مکھیوں کی بھرمار ، اسٹوریج کا نظام نامناسب ، بیکنگ مشینری زنگ آلود و صفائی کی مجموعی صورتحال انتہائی ابتر پائی گئی ، اس دوران علاقے میں موجود 3 بیکریوں سے باسی مٹھائیاں ، کولڈرنکس اور پیکٹ مصالحے برآمد ہوئے جس پر مذکورہ پانچوں مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے ، دوران معائنہ 4 جنرل اسٹورز بھی زائد المعیاد و ممنوعہ خوردنی مصنوعات کی فروخت میں ملوث پائے گئے جبکہ 2 ہوٹلوں کے کچن ایریاز گندے ، فریزرز بدبودار اور سبزیاں باسی تھیں جسکی بناء پر مزکورہ جنرل اسٹورز و ہوٹلوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے جرمانے عائد کیے گئے۔ بی ایف اے حکام نے دونوں اضلاع میں کارروائیوں کے دوران برآمد مضر صحت اشیاء قبضے میں لیتے ہوئے 20 سے زائد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے۔