• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27فروری کا سورج نئی امید لیکر ابھرے گا، صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر) پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ اصل مسائل و حقائق سے عوامی توجہ ہٹانے کیلئے سلطنت عمرانیہ نے ہر حربہ آزما لیا ہے ہر محاذ پر ناکامی کے بعد ان کے پاس کہنے کو کچھ باقی نہیں رہا سوائے اس کے کہ وہ خود پر چھائی ہوئی سیاسی تنہائی کے تدارک کیلئے جاری الزامات سے اپنے مخالفین کی سرکوبی کیلئے غیر مہذبانہ اور غیر سیاسی طرز عمل کو مزید فروغ دیں ، مشیروں اور ترجمانوں کو روز اول سے دیا جانے والا ٹاسک پورا نہ ہوتے دیکھ کر ان کی اکھاڑ پچھاڑ اسی عمل کا حصہ ہے ،چلے ہوئے کارتوسوں کو ری سائیکل کرکے بھی اب تک اہداف حاصل نہیں کئے جاسکے، عوام کے حقیقی نمائندوں اور میڈیا کو اپنے سامنے سرنگوں کرنے میں ناکامی کے بعد اب حکومتی توپوں کا رخ عوام کی جانب موڑ دیا گیا ہے تاکہ معاشی سفاکی کو اس قدر عام کردیا جائے کہ عوام ان کیخلاف اٹھنے والی کسی بھی ممکنہ تحریک میں شامل ہونے کے قابل ہی نہ رہیں منی بجٹ کا مسلط کیا جانا اسی طرز سیاست کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ ایام اقتدار میں ایسا طرز عمل اختیار کیا جائے گا کہ آنے والی حکومتیں بھی آئی ایم ایف و دیگر مالیاتی اداروں کی مرضی اور خوشنودی کے حصول کیلئے برسراقتدار لائی جائیں تاکہ وہ بھی اسی مسلط کردہ غلام گردشوں سے نکل نہ پائیں۔ صادق عمرانی نے کہا کہ 27 فروری کا سورج ایک نئی قومی امید لے کر ابھرے گا ،اس بار ہا کئے جانے والے لاحاصل تجربات سے بے ذاری کا اظہار کرنے کیلئے اور ملک میں حقیقی و پائیدار جمہوریت کیلئے پی پی پی کے ہم قدم ہے کیونکہ مسلط کردہ حکومت کے خلاف یہ اعلان جنگ عوام کے دلوں کی آواز باحق بن چکی ہے۔
کوئٹہ سے مزید