اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ3برسوں میں جی ڈی پی میں 5.37 فیصد نمو کے حصول پر اپنی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے‘ کوویڈ۔ 19کی عالمگیر وبا کے بعد معمول کی زندگی جلد بحال ہونے والے 3 سرفہرست ممالک میں پاکستان شامل ہے۔
جمعہ کو اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ 3 سالوں میں مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 5.37 فیصد کی نمو پر اپنی حکومت کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں جس کے نتیجہ میں ملازمتوں کے قابل ذکر مواقع پید ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔ہماری حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کی بین الاقوامی طور پر تائید و توثیق ہو رہی ہے، بلوم برگ نے پاکستان میں نمو کے پائیدار تسلسل اور روزگار کی بلند شرح کی پیش گوئی کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان 3 سرفہرست ممالک میں شامل رہا ہے جہاں کووڈ۔ 19 کی عالمگیر وبا کے بعد معمول کی زندگی تیزی سے بحال ہوئی ہے جس سے ظاہر ہو رہا ہے کہ پاکستان میں انسانی زندگیوں اور روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دی اکانومسٹ نے اس بات کا اعتراف اپنے تازہ ترین نارمیلسی انڈیکس میں کیا ہے۔دریں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں‘ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آسانیاں پیدا کی ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشیر سمندر پار پاکستانی امور ایوب آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے منتخب عوامی نمائندوں کو عوام کےساتھ رابطہ مہم تیز کرنے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا، خواجہ شیراز محمود، شوکت علی بھٹی، حیدر علی خان، ثناء اللہ خان مستی خیل، محمد یعقوب شیخ، اورنگزیب خان کھچی اور جنید اکبر نے ملاقات کی۔