• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی وی چینلز کیخلاف پیمرا نوٹسز، اٹارنی جنرل سے تحریری دلائل طلب

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی مد میں سالانہ آمدنی کا 5 فیصد بطور محصول جمع کرانے کے پیمرا نوٹسز کے خلاف کیس میں اٹارنی جنرل کو تحریری دلائل جمع کرانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے پی بی اے اور ٹی وی چینلز کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ درخواست گزاروں کا موقف ہے کہ پیمرا لائسنس کی فیس وصول کرتا ہے، اس کے پاس اس طرح کا ٹیکس عائد کرنے کا اختیار نہیں ۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے ٹی وی چینلز کو پیمرا نوٹسز کے خلاف پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور متعدد ٹی وی چینلز کی درخواستوں کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل آفس سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عمران فاروق عدالت میں پیش ہوئے اورتحریری دلائل جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگا۔ عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایک ہفتے میں دلائل جمع کرانے کی ہدایت جا ری کر دی۔ اس سے قبل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا تاہم اٹارنی جنرل کو معاونت کا نوٹس جاری نہ ہونے کی وجہ سے کیس دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کر کے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا گیا ۔ پی بی اے اور ٹی وی چینلز نے پیمرا کے نوٹسز کے خلاف 2022 میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔ عدالت نے سالانہ گراس ایڈورٹائزمنٹ ریونیو کے پانچ فیصد کی ادائیگی کے لئے پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو جاری کئے گئے نوٹسز پر اپریل 2022 سے حکم امتناع دے رکھا ہے۔
اہم خبریں سے مزید