ماسکو (اے ایف پی /جنگ نیوز )ایران کے صدر رئیسی نے اپنے روسی ہم منصب پیوٹن سے ماسکو میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنمائوںنے دو طرفہ صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔بات چیت میں ویانا میں جاری مذاکرات اور یوکرائنی تنازع سرفہرست رہا۔ اس دوران ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ عالمی پابندیاں ایران کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بنیں گی،روس کے صدر نے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو سراہا اور کہا کہ میرے لیے کمپری ہینسو ایکشن پلان پر آپ کا نظریہ جاننا انتہائی ضروری تھا ۔ تفصیلات کے مطابق آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے بدھ کی شام کو ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔اس کے علاوہ دوما اور ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی سے خطاب، ماسکو میں مقیم ایرانیوں سے ملاقاتیں، علماءکرام سے ملاقاتیں اور روسی تاجروں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ ایرانی صدر کا اپنا عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، آیت اللہ سید ابرہیم رئیسی نےاپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے اس بات پر زور دیا کہ پابندیوں کی دھمکی ایرانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں روس کیساتھ تعلقات کی توسیع اور ترقی پر کوئی پابندی نہیں ہے اور ہم ماسکو کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔