سیول(اے ایف پی)جنوبی کوریا نے تہران حکومت کے 18ملین ڈالر کے منجمد اثاثوں سے اقوام متحدہ کے لیے ایرانی واجبات کی ادائیگی کر دی ہے۔ سیول حکومت کے مطابق یوں ایران کو ووٹنگ کے حقوق دوبارہ مل گئے ہیں۔ جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے مطابق گزشتہ روز امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے ’ہنگامی درخواست‘ پر جنوبی کوریا نے ایرانی واجبات ادا کیے۔ ایران پر امریکی پابندیوں کی وجہ سے جنوبی کوریا کے دو بینکوں میں سات ارب ڈالر کے ایرانی اثاثے منجمد ہیں۔ 2015کے جوہری معاہدے سے امریکا کے اخراج اور ایران پر دوبارہ پابندیوں کے نفاذ سے قبل ایران مشرق وسطیٰ میں جنوبی کوریا کا تیسرا بڑا تجارتی پارٹنر تھا۔