کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی اور ڈویژن کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ نااہل حکومت کی کرپشن کی وجہ سے کھاد کا بحران پیدا ہوا ، کراچی میں کسانوں کا احتجاج حکومت کی زرعی پالیسی پر عدم اعتماد ہے ، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت ملیر سلمان ٹاور سے نکلنے والے کسان مارچ کے اختتامی مقام شاہراہ قائدین پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، سندھ کے سیکریٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری ، آصف خان ، ضلع ملیر کے صدر سلمان عبداللہ مراد ، اقبال ساند، مسرور احسن ، عروبہ راشد ، یوسف بلوچ ، خلیل ہوت ، لالہ رحیم ودیگر نے بھی خطاب کیا ، مقررین کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں 27 فروری کو اسلام آباد میں عوام دشمن حکومت کا چل چلائو ہو گا ، کھاد ، گیس کے بحران ، پٹرولیم مصنوعات ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 30 جنوری کراچی میں پریس کلب پر دھرنا ہو گا ، سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی اپوزیشن جماعتیں کراچی پر اجارہ داری چاہتی ہیں ، بلدیاتی قانون کے لیے مشترکہ احتجاج کرنے والی اپوزیشن جماعتوں نے کسانوں ، ہاریوں اور کراچی کے لوگوں کے لیے آواز تک بلند نہیں کی ، پیپلز پارٹی کا کسان مارچ مسترد شدہ اپوزیشن جماعتوں اور نااہل حکومت کے لیے انتقام ہے ،عوام نے نااہل حکومت سے چھٹکارے کا عزم کر لیا ہے۔