• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ،صحافتی تنظیموں کا لاہور میں صحافی حسنین کے قتل کے خلاف احتجاج

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ لاہور میں صحافی حسنین شاہ کا قتل قابل مذمت اور آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ، پنجاب حکومت ان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادے ، شہید صحافی واحد رئیسانی کے قتل میں مفرور ملزم سمیت شہید صحافیوں کے قاتلوں کو گرفتار کرکے صحافیوں کا تحفظ کو یقینی بنایا جائے ۔ ان خیالات کا اظہاربلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند اور مصطفیٰ ترین نے منگل کو بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام لاہور میں صحافی حسنین شاہ کے قتل کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر بی یو جے کے جنرل سیکرٹری فتح شاکر ، کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری بنارس خان سمیت دیگر بھی موجود تھے ، مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک مرتبہ پھر صحافی اپنے شہید ساتھی حسنین شاہ کو لاہور پریس کلب کے سامنے فائرنگ کرکے شہید کرنے کے واقعہ کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ، انہوں نے کہا کہ لاہورمیں پیش آنے والا واقعہ ہمارے لئے پیغام ہے کہ آزادی صحافت سے پیچھے ہٹ جائیں تاہم نہ تو کبھی ہمارے اکابرین نے سمجھوتہ کیا نہ ہم کریں گے ، ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ملک بھر میں شہید ہونے والے صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے آوازاٹھائیں گے ، لاہورکی یک مصروف ترین شاہراہ پرصحافی حسنین شاہ کا قتل پیغام ہے کہ صحافی جہاں کہیں بھی ہوں غیر محفوظ ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومتی دعوے تو ہمیشہ سننے میں آتے ہیں مگرآزادی صحافت کیلئے حکومتی سطح پر عملی اقدامات کافقدان ہے، بلوچستان میں چالیس سے زائد صحافیوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کیا مگر ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے لیکن آزادی صحافت کی جدوجہد آج بھی جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صحافی واحد رئیسانی کے قتل کے واقعہ کو نو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ، حکومت اور پولیس کے تمام تر دعوئوں کے باوجود واقعہ میں ملوث ایک ملزم تاحال فرار ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت شہید صحافیوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے ان کے لواحقین کی داد رسی اور صحافیوں کوتحفظ فراہم کرے ۔
کوئٹہ سے مزید