کراچی (جنگ نیوز)پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے اور میگا ایونٹ ”پاکستان سپر لیگ“ کے ساتویں سیزن کاباقاعدہ آغاز 27جنوری سے ہورہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر مشتمل برق رفتار کرکٹ کا مزہ دوبالا کرنے اور شائقین کا جوش اور ولولہ بڑھانے کیلئے ”کرکٹ“ اور ”انٹرٹینمنٹ“ کا سب سے بڑا پروگرام ”جشن کرکٹ“ کے عنوان سے ایک بارپھر اپنی آب و تاب کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز چینل ”جیونیوز“ پر شروع کیا جارہا ہے۔ پی ایس ایل کے دوران عوام میں سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے اس شو کاباقاعدہ آغاز بدھ کی شب 11 بجکر 5 منٹ پر ہوگا جس میں ہر دِن ایک نئی شخصیت جلوہ افروز ہوگی۔ اس شو کے دوران پاکستان کے نامور کرکٹرز، آرٹسٹ، اداکار، فنکار، گلوکار اور سیاسی رہنما بھی شرکت کریں گے۔ مقبول شو میں ہر دِن ایک نئے مہمان کے ساتھ ”500 کی دوڑ“کا مقابلہ بھی ہوگا۔ ”جشن کرکٹ“ میں پاکستان کے نامور سابق بلے باز انضام الحق، سابق فاسٹ بالر شعیب اختر، کرکٹ کے سکندر سکندر بخت اور قہقہوں کے شہزادے علی میر اپنی باتوں سے خوب رونق لگائیں گے۔ کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلوں پر دلچسپ تجزیئے، تبصرے اور قہقہوں کی برسات لئے یہ شاندار پروگرام اینکر پرسن شہزاد اقبال کی میزبانی میں ”پاکستان سپر لیگ“ کے فائنل میچ تک روزانہ ”جیونیوز“ سے نشر ہوگا۔