کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا کے خدشات دور، انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کوہیں کراچی میں کرکٹ ستاروں کا جھرمٹ بن گیا،جنون عالمی وبا کے خوف پر غالب آگیا۔ جمعرات کی شام نیشنل اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل سیون کا آغاز مختصر افتتاحی تقریب سے ہورہا ہے جس کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی ۔ میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔کورونا کی وجہ سے اس بار بھی حالات اچھے نہیں ہیں۔ ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی پانچ کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف کے چند ارکان کوویڈ میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ جس ہوٹل میں پی ایس ایل کی ٹیمیں قیام پذیر ہیں وہاں کے اسٹاف میں بھی کورونا پایا گیا۔بحیثیت کپتان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ 20، ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم پہلی بارکراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔ ان کے مدمقابل قومی ٹیم میں ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئئنٹی رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔ این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں25فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں دوسرے مرحلے کیلئے تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایڈیشن2018سے لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز نافذ کی ہے جس کے تحت فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر30یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔اس کے علاوہ کسی ٹیم کے کم ازکم13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انہیں پہلی مرتبہ فرنچائز کرکٹ میں کپتانی کا موقع مل رہا ہے، یہ ایک اہم ذمے داری ہے اور وہ اسے بھرپور انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز سخت حریف ہے۔ امید ہے میچ سنسنی خیز ہوگا۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ٹیم اعزاز کاکامیابی سے دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، کراچی کنگزکی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔