• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنے پر پولیس تشدد، ایم کیو ایم کا آج یوم سوگ کا اعلان


کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت کے نئے بلدیاتی نظام کیخلاف ایم کیو ایم کے دھرنے پر پولیس تشدد کیخلاف ایم کیو ایم پاکستان نے جمعرات کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے سندھ بھر کے شہریوں، کراچی کے تاجروں صنعت کاروں سے پرامن احتجاج کی اپیل کی ہے۔

ایم کیو ایم رہنمائوں خالد مقبول صدیقی اور عامر خان نے کہا کہ سندھ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، آئی جی ایور ڈی آئی کو معطل کیا جائے، زرداری وزیر اعلیٰ کو ہٹالیں ورنہ بلاول ہاؤس بھی اسی شہر میں ہے، وڈیروں کے گینگ سے چھٹکارا حاصل کرینگے، کل ہمارے شہید ساتھی کی نماز جنازہ ہوگی، آئندہ کا لائحہ عمل نماز جنازہ کے بعد طے کرینگے، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے کار کن اسلم کی ہلاکت کے خلاف وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان فوری طور پر کراچی پہنچ کر حالات کا جائزہ لیں، آئی جی اور ڈی آئی جی کو معطل کیا جائے۔

انہوں نے آصف علی زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وزیر اعلی کو ہٹالیں ورنہ بلاول ہاؤس بھی اسی شہر میں ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن آپ کو معلوم ہے کہ ہم لڑنا جانتے ہیں،بات اگر غیرت پر آجائیں تو نہ لڑنا بے غیرتی ہے.

پولیس شیلنگ سے نیو کراچی ٹاؤن کے سابق ناظم کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی،نسل پرست وزیر اعلیٰ سندھ اگر یہ شہر کھڑا ہوگیا تو نتائج انتہائی خطرناک ہونگے،ہم شہر کے دروازے بند کردینگے، ہم صرف پٹے ہیں آج لیکن ہم مزاحمت کرنا جانتے ہیں۔

قانون ہماری مدد کو نہیں آئے گا تو کیا قانون اپنے ہاتھ میں لیں،آج مہاجر قوم کی غیرت کوللکارا گیا ہےمہاجر قوم کے منتخب نمائندوں اور کار کنوں پر ڈنڈے برسانے کا حساب لیا جائیگا، اس شہر سے ٹیکس لیکر اسی شہر کے عوام اور نمائندوں پر پیپلزپارٹی نے ڈنڈے برسائےمتعدد مائیں بہنوں کو اغواء کیا گیا ہے وہ ابھی تک لاپتا ہیں، ہمارے لاپتا کارکنان مائیں بہنیں بازیاب نہیں ہوئی تو ہرقسم کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہونگے، تھانے خود ذمے دار ہونگے۔

انہوں نے وزیراعلی سندھ کے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بھیجا گیا آئی جی سندھو دیش کا کمشنر نظر آتا ہے، تاجر برادی صنعت کار وکلا طالب علم شہر کراچی کیلئے آپنی آواز کو بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی صداقت حسین کی طبیعت شدید خراب ہے، متعصب وزیر اعلیٰ سے کہتا ہوں باز آجائیں ۔ جمہوریت ہمارے فیصلوں کے نتیجے سے مضبوط رہے گی۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما عامر خان نےوزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ فوری استعفیٰ دیں، وزیراعلی سندھ نے چند دن پہلے ٹنڈوالہیار کے معصوم عوام پر بھی ڈنڈے برسائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے آج کراچی کے عوام کو اپنا جمہوری حق بھی پوراکرنے نہیں دیا، صوبہ سندھ پر جعلی اکثریت کے بل بوتے سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ نے بربریت کے پہاڑ توڑ دئیے، وفاقی حکومت فی الفور مداخلت کرے۔

دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے کار کن اسلم کی ہلاکت کیخلاف وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے خلاف ایف آئی آر کٹوانے کا اعلان کیا ہے، پارٹی کے سر براہ ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا ہے کہ آج ہمارے احتجاج کا پہلا دن نہیں تھا ابھی تو کھیل شروع ہوا ہے۔

سابق مئیر وسیم اختر نے کہا کہ مراد علی شاہ کے باپ عبدا للہ شاہ کا ظلم دیکھ چکے ہیں مگر آج ان کا کوئی نام لیوا نہیں۔ دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ حیدرآباد کے اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کے دوران مرد اور خواتین کارکنوں پر بہیمانہ تشدد پر حیدرآباد میں بروز جمعرات کو یوم سوگ کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سندھ حکومت کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں، آئی جی سندھ کو برطرف کیا جائے۔

اہم خبریں سے مزید