• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL ہورہا ہے، ایم کیو ایم دھرنے کیخلاف ایکشن لینا پڑا، پی پی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی بھی احتجاج کے خلاف نہیں رہی ہے۔ وزیراعلٰی ہائوس کے باہر جو کچھ ہوا اس کی مکمل ذمہ دار ایم کیو ایم خود ہے۔ ہم کسی احتجاج اور دھرنے کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیتے، جس کا واضح ثبوت جماعت اسلامی کو سندھ اسمبلی کے باہر 26 روز سے جاری دھرنا ہے۔ ہم پی ایس ایل کے میچز کے لئے سی ایم ہائوس کے اطراف ہوٹلز میں موجود کھلاڑیوں کی سیکورٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے تھے۔ بدھ کی شب میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل ہورہا ہے،سیکورٹی صورتحال کے سبب انتظامیہ کو دھرنا منتشر کرنے کے لیے ایکشن لینا پڑا، سعید غنی نے کہا کہ انتظامیہ نے ایم کیو ایم کے قائدین کو سمجھایا کہ وہ صورتحال کی سنجیدگی کو سمجھتے ہوئے سی ایم ہائوس جانے سے گریز کریں۔ تاہم ریلی کے شرکاء جبری طور پر رکاوٹیں توڑ کر نہ صرف سی ایم ہائوس پہنچیں بلکہ انہوں نے مستقل دھرنے کا اعلان کردیا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک ناپسندیدہ اقدام کرنا پڑا۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے احتجاج پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن صورتحال کی سنگینی کا ایم کیو ایم والوں نے کوئی خیال نہیں رکھا اگر ایم کیو ایم والے اپنے مقررہ روٹ پر ہوتے اور پریس کلب پر چلے جاتے تو شاید یہ صورتحال نہ ہوتی۔ ایم کیوایم پاکستان مہنگائی پر وفاق کے خلاف احتجاج کیوں نہیں کرتی ؟،بلدیاتی قانون کا مسئلہ سڑکوں پر نہیں اسمبلی میں حل ہوگا۔

اہم خبریں سے مزید