• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ وقلعہ سیف اللہ میں ایک مصالحہ شاپ سیل‘دیگرمراکز کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں اور قلعہ سیف اللہ میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پرایک مصالحہ شاپ سیل جبکہ 13 گوشت کی دکانوں سمیت 27 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے۔ کاسی روڈ میں بی ایف اے حکام نے چیکنگ کرتے ہوئے ایک مصالحہ شاپ سے بڑی مقدار میں ممنوعہ چائنیز نمک اور اجینو موتو ملے مصالحے پکڑ لئے جنہیں قبضے میں لیکر دکان کو سربمہر کردیا گیا ، علاقے میں موجود 9 میٹ شاپس اور ایک ہوٹل پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کے گئے۔ بی ایف اے کی ایک اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے سول ہسپتال کی کینٹینز کا خصوصی طور پرمعائنہ کیا ، دونوں کینٹینوں میں صفائی کی صورتحال خراب ، کچن میں گندگی و حشرات کی موجودگی پائی گئی جبکہ اشیاء کی تیاری میں استعمال شدہ کوکنگ آئل کو دوبارہ استعمال کیا جارہا تھا ، عدالت روڈ پر واقع ڈیفنس ہوٹل میں بھی صفائی کے انتظامات ناقص اور پکوان میں چائنیز نمک استعمال سامنے آیا ، معروف فاسٹ فوڈ کارنر کمال چرغہ میں گزشتہ ہدایات کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی و خراب خوردنی تیل کے استعمال کا سلسلہ جاری تھا جس پر مذکورہ چاروں مراکز کو جرمانہ کیا گیا ۔ علاوہ ازیں غوث آباد و ملحقہ علاقوں میں بی ایف اے حکام نے 3 میٹ شاپس کے خلاف ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے ، 2 سیخ کباب شاپس کے خلاف ایکسپائرڈ کولڈڈرنکس و چائنیز نمک کی موجودگی جبکہ ایک بیکنگ یونٹ کے خلاف پروڈکشن میں ناقص و پابندی عائد کوکنگ آئل اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال سمیت مختلف وجوہات پر کارروائی کی گئی ۔ قلعہ سیف اللہ میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے 4 جنرل اسٹورز سے بھاری مقدار میں زائد المیعاد و ممنوعہ خوردنی اشیاء برآمد کرلیں، جنہیں ضبط کر کے دکانوں پر جرمانے عائد کئے گئے ، مزید برآں دوران چیکنگ ایک ہوٹل ،ایک سوئیٹس اینڈ بیکرز اور ایک میٹ شاپ بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس پر مذکورہ تینوں مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا۔
کوئٹہ سے مزید