• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کسٹمزنے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ،چیف کلکٹر بلوچستان

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)چیف کلکٹر کسٹمز بلوچستان محمد صادق کلکٹر کسٹم پروینٹو ڈاکٹر فرید خان نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹم کے اہلکاروں اور افسران نے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے سمگلنگ کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے کم وسائل اور افرادی قوت کے باوجود جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے گزشتہ سال 7 ماہ کی قلیل مدت میں بلوچستان کے محب وطن بزنس کمیونٹی ، تاجر برادری کے تعاون سے 60ارب روپے ریونیو جمع کرکے قومی خزانے میں جمع کیا اس کے علاوہ اربوں روپے مالیت کا سمگلنگ کا سامان جس میں چھالیہ ٹائرز غیر ملکی کپڑا آٹو پارٹس ،سگریٹ ،سکریپ ، ادویات، الیکٹرونکس اور ہزاروں کی تعداد میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ہزاروں کلو منشیات قبضے میں لی گئیں ان کارروائیوں میں ایف سی پولیس لیویز سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی تعاون حاصل رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ماڈل کلکٹریٹ کسٹم کوئٹہ میں ”کسٹم ڈے“ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کلکٹر اپریزمنٹ راشد حبیب خان، کلکٹر گوادر کسٹم چوہدری جاوید ، ڈپٹی کلکٹر ڈاکٹر زوہیب احمد سندھیلا شفیع اللہ ، احمد حسین قمبرانی، محمد احمد، ، ڈائریکٹر ویلیو ویشن ہذداد مہدی ، آپریشن کلکٹر آفتاب اللہ خان ، کلیم اللہ ، شاہ فیصل، عبدالحئی، اسسٹنٹ کلکٹر عطاءاللہ ناصر، عثمان عزیز، سیف اللہ شاہو کے علاوہ پی آر او ترجمان کسٹم ڈاکٹر عطاءمحمد بڑیچ اور سی آر او احد درانی ، چیمبر آف کامرس کے صدر فدا حسین دشتی ، چمن چیمبر کے سابق صدر دارو خان اچکزئی ، حاجی فو جان ، سپرنٹنڈنٹ خورشید حسنی ،انسپکٹر شہزاد اختر ، انور درانی سمیت بزنس کمیونٹی اور کسٹمز کے دیگر آفیسران اور عملہ موجود تھا۔ چیف کلکٹر کسٹم محمد صادق نے کہا کہ افرادی قوت اور وسائل کی کمی کے باوجود استعداد کار بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں تاجروں کی شکایات کے ازالے کیلئے اختیارات کوتقسیم کیا جارہا ہے۔ وسائل کی کمی کو پوراکرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جارہا ہے تاجروں کیلئے کسٹم ہائوس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں انہوں نے کہا کہ کسٹم سمگلنگ کے خاتمے اور قانونی تجارت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے ۔ گزشتہ سال تاجروں نے 60ارب کا ٹیکس جمع کرایاگذشتہ سال 20ارب سے زائد کی غیر قانونی تجارت اور ممنوعہ اشیاءکی تجارت کو روکاگیا کسٹم کے ایک افسر اور تین جوانوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا ہے۔ بلوچستان میں قائم ایک ایک چیک پوسٹ کو کسٹم شہدا کے نام سے منسوب کیا جائے گا اس موقع پر کسٹم اہلکاروں نے سلامی پیش کی۔
کوئٹہ سے مزید