کوئٹہ ، دشت (پ ر)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں کے دوران کوئٹہ میں 1 فاسٹ فوڈ کارنر اور 1 ٹکی ٹافی بنانے والی فیکٹری سیل جبکہ 20 سے زائد کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ کوئٹہ شہر کے وسط میں واقع معروف شاپنگ سینٹرز کے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران بی ایف اے حکام نے " ٹیسٹ بائٹ فوڈ کارنر" کو زائد المیعاد اشیاء برآمد ہونے اور فنگس زدہ سموسے اور رولز وغیرہ کی فروخت پر سربمہر کیا، اس دوران معروف " مکڈونلڈز " کو اشیاء کی تیاری میں خراب و ناقابلِ استعمال کوکنگ آئل کے استعمال اور ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی عدم دستیابی ، " پرلا کیفے " کو خوردنی اشیاء کو نامناسب درجہ حرارت میں رکھنے و ایکسپائرڈ لیمن جوس کی موجودگی ، " روڈ اسٹوؤز " کو پکوان میں غیر معیاری و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے دوبارہ استعمال ، گندے برتن اور کھلے کچرہ دانوں ، " سموتھیز فوڈ کارنر " کو باسی و خراب پھلوں سے ملک شیک کی تیاری ، " چائے کدہ " کو کوکنگ ایریا میں گندگی و زائد المعیاد اشیاء کے استعمال ، منی میلٹس کو بھی ایکسپائرڈ مصنوعات کی برآمدگی ، جوس بار کو زنگ آلود برتنوں ، اشیاء پر ایکسپائری تاریخ نہ ہونے و مکھیوں کی موجودگی جبکہ چٹپٹہ فوڈ کارنر کو پکوان میں ناقص و مضر فوڈ کلرز اور چائنیز نمک کے استعمال سمیت مختلف وجوہات پر جرمانہ کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کبیر بلڈنگ کے قریب واقع السعید ہوٹل اور کوئٹہ بریانی کے خلاف بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی اور کھانوں میں ناقص اجزاء کے مکسنگ پر کارروائی کی۔ علاوہ ازیں بی ایف اے کی غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف کاروائیوں کے دوران کوئٹہ کے علاقوں کواری روڈ ، ڈبل روڈ ، سیٹلائٹ ٹاؤن ، شہباز ٹاؤن اور سبزل روڈ میں 7 دیگر و متفرق کھانے پینے کے مراکز کو بھی گزشتہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے و عوام کو غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔ مزید برآں تحصیل دشت ( ضلع مستونگ) میں مراکز کی چیکنگ کرتے ہوئے بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی حکام نے 3 ہوٹلوں کے خلاف صفائی کی ابتر صورتحال ، باسی کھانا اسٹور کرنے اور پکوان میں نامعلوم کھلا و ناقص کوکنگ آئل استعمال کرنے پر کارروائی کی ، 1 جنرل اسٹور کو زائد المیعاد مشروبات و ممنوعہ چائنیز نمک فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا۔