• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

HEC میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا تقرر، بغیر کمیشن منظوری سلیکشن بورڈ قائم

کراچی (سید محمد عسکری) وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن میں تین سال بعد اہم ترین اسامی ایگزیکٹو ڈائریکٹر (ای ڈی) کیلئے امیدواروں کو 3فروری کو انٹرویو کے لئے طلب کرلیا گیا ہے تاہم عدالت سے بحال کئے گئے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری نے ای ڈی کے تقرری کے سلسلے میں 8؍ رکنی سلیکشن بورڈ بھی قائم کردیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے مگر اس سلیکشن بورڈ کے قیام کی منظوری کمیشن سے نہیں لی گئی ہے۔ سلیکشن بورڈ کے سربراہ خود چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری ہوں گے جبکہ اراکین میں وفاقی سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی، فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی جنرل (ر) محمد اصغر، ممبر آپریشن اینڈ ٹیکنالوجی ایچ ای سی اور ڈی جی (ایچ آر ایم) شامل ہوں گے۔ اس تین سال کے دوران ای ڈی کی اسامی کیلئے چار مرتبہ اشتہار دیا گیا مگر ہر بار امیدواروں سے انٹرویوز کے بغیر ہی معاملہ ختم کردیا گیا اور ایڈہاک/ ڈیپوٹیش کی بنیاد ہر ای ڈی کی تقرری کی گئی گزشتہ برس ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری کو فارٖغ کردیا گیا تھا تاہم وہ عدالتی حکم پر گزشتہ ہفتے اپنے عہدے پر بحال ہوگئے اور آتے ہی انہوں نے ایچ ای سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی اسامی کے لیے انٹرویوز طلب کرلئے جبکہ ان کی چار سالہ مدت تین ماہ بعد مکمل ہوجائے گی۔ ایچ ای سی ایکٹ/ آرڈیننس کے مطابق گریڈ 19 اور اس سے اوپر کے گریڈ کے لئے تقرری کا اختیار کمیشن کو حاصل ہے جبکہ چیئرمین کو 17اور 18؍ گریڈ کے چیئرمین کے تقرر کا اختیار حاصل ہے۔ آرڈیننس کے مطابق کمیشن کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے تقرر کا اختیار حاصل ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی کی اسامی کیلئے پہلے 11؍ امیدوار فائنل کئے گئے تاہم بعد میں ان کی تعدا 13؍ کردی گئی۔ ان 13؍ امیدواروں میں کچھ ایسے امیدوار بھی ہیں جو پروفیسر بھی نہیں ہیں ، ایک امیدوار معطل ہے۔ 13؍ امیدواروں میں ڈاکٹر افتخار احمد، ڈاکٹر جمیل احمد، ڈاکٹر سہیل قریشی، ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی، ڈاکٹر طارق محمود، ڈاکٹر محمد علی شاہ، ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر ضیا ء القیوم، ڈاکٹر راحیل قمر، ڈاکٹر محمد لطیف، ڈاکٹر قیصر عباس، ڈاکٹر عطااللہ شاہ اور ڈاکٹر ثمرین حسین شامل ہیں۔ رابطہ کرنے پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کا کہنا ہے کہ میں نے جو کیا ہے وہ قواعد کے مطابق کیا ہے، آپ کو اپنے حقائق کا دوبارہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ جنگ نے ڈاکٹر طارق بنوری کو ایکٹ/ آرڈیننس کی شق کی کاپی بھیجی تاہم انھوں نے پھرجواب نہیں دیا۔

اہم خبریں سے مزید