• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بلوچستان کی بدامنی میں ملوث ، ثبوت موجود ہیں،دفتر خارجہ

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے بعد اسلام آباد اور بیجنگ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے پر بھارتی خارجہ امور کی وزارت کے بے بنیاد، مضحکہ خیز اور حقائق کے منافی بیان کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت بلوچستان کی بدامنی میں ملوث ، ثبوت موجود ہیں، بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو خود اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کیسے پاکستان اور خطے میں تخریبی کارروائیوں کو اسپانسر کرتا اور سہولت پہنچاتا ہے.

 مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ تھا اور نہ ہوگا، بے بنیاد دعوے حقائق تبدیل نہیں کر سکتے قبل ازیں مشترکہ اعلامیہ پر ردعمل دیتےہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان شری اریندام باغچی نے مقبوضہ کشمیر اور سی پیک کے حوالے تنقید کی۔ اریندام باغچی نے 9 فروری کوجاری بیان میں کہا تھا کہ مشترکہ اعلامیے میں مقبوضہ کشمیر اور سی پیک کا حوالہ دیا گیا اور ہم نے ہمیشہ ایسے حوالوں کو مسترد کردیا ہے۔

 پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں باغچی کے مؤقف کو مسترد کردیا گیا اور مقبوضہ کشمیر پر نئی دہلی کے دعوئوں کو بے بنیاد قرار دے دیا اور کہا کہ بھارت بلوچستان کی بدامنی میں ملوث اور سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے کوشاں ہے ، جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی قبضے میں موجود کشمیر پر نئی دہلی کے دعوے بے بنیاد ہیں اور اس سے مقبوضہ جموں اور کشمیر کی حیثیت نہ تو تبدیل ہوسکتی ہے اور نہ ہی مسئلہ کشمیر کی قانونی حیثیت بدل سکتی ہے اور نہ حقائق تبدیل ہو سکتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید